ملی یکجہتی کونسل بلوچستان کی مستونگ اور ہنگومیں خودکش حملوں کی شدید مذمت انسانیت دشمنوں کے خلاف سب کو متحد ہونا ہوگا ،مولاناعبدالحق ہاشمی

کوئٹہ(صباح نیوز) صدرملی یکجہتی کونسل بلوچستان مولاناعبدالحق ہاشمی،جنرل سیکرٹری سیدمومن شاہ جیلانی،سینیئرنائب صدرعلامہ سیدہاشم موسوی،نائب صدورڈاکٹرعطا الرحمان،مولاناانوارلحق حقانی،مولاناہدایت الرحمان بلوچ،علامہ اکبرحسین زاہدی،رانامحمداشفاق،سیدعتیق الرحمان،مولانا عبدالکبیرشاکر،علامہ مقصودعلی ڈومکی،  سیدمومن شاہ ،علامہ حبیب اللہ چشتی قادری ،نجیب الرحمان ساسولی نے  مستونگ اور ہنگومیں خودکش حملوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاکہ انسانیت دشمنوں کے خلاف سب کو متحد ہونا ہوگا ۔محرم الحرام ،ربیع الاول سمیت دیگر مذہبی تقاریب پر حملے اور بے گناہوں کو نشانہ بنانے والے درندے اور دہشت گرد ہے ان ظالموں کے خلاف سب کو متحد ہونا ہوگا ۔

انہوں نے اپنے مشترکہ بیان میں کہاکہ ربیع الاول ، محرم الحرام امت مسلمہ کیلئے مقدس ومحترم مہینے ہیں جو ہمیں ایثار قربانی صبر وتحمل کا درس دیتا ہے لاشیں گرانے کا تماشاکرنے والے حکمران وادارے کس مرض کی دواہیں کروڑوں اربوں بجٹ سیکورٹی پر خرچ ہورہی ہے لیکن معصوم عوام کی جان ومال محفوظ نہیں ۔مذمتی بیانات کے بجائے حکومت واداروں کو عملی اقدامات کرنا چاہیے ۔اسلام دشمن قوتیں قتل عام میں مصروف اور حکمران صرف مذہبی بیانات دے رہے ہیں ۔بلوچستان اور ہنگوکو نشانہ بنانے والے یہودی اسرائیلی ایجنٹ ہیں ۔ان سازشوں کو ناکام بنانے کیلئے امت کو متحد ہونا ہوگا کفارکب تک ہمیں نشانہ بناتے رہیںگے ہم کب تک تماشادیکھیں گے عوام کی جان ومال کی حفاظت پرمامور اداروں کو ہوش میں آنا چاہیے ۔سازشوں کو ناکام بنانے کیلئے ہمیں متحد ہوناہوگا ۔اللہ کے گھر اوراللہ کے معصوم بندوں کو نشانہ والے دہشت گردہیں ان دہشت گردوں کی کوئی حمایت نہیں کرسکتا۔ہمارے حکمران بزدل ،امریکی غلام اور مفادات کے حصول میں مگن ہیں انہیں عوام کی جان ومال کی کوئی فکرنہیں ۔

سیکورٹی ادارے ،سیکورٹی فورسزوحکمران عوام سے مخلص نہیں ہوں گے توجان ومال محفوظ نہیں ہوگی ۔ ہم کب تک عوام اور معصوم لوگوں کو صبر وتحمل اور برداشت کا کہیں گے ۔کب تک جنازے اُٹھائیں گے اور سیکورٹی ادارے وحکمران کب تک صرف مذمت پراکتفاکریں گے کفارکی سازشوں کو ناکام بنانے کیلئے سب کو متحدہوکر جدوجہد کرنا چاہیے    قرآن وسنت پر عمل سے ہم دنیا وآخر ت کی کامیابی حاصل کرسکتے ہیں ۔قرا ن عظیم الشان پوری انسانیت کو تباہی وبربادی سے بچانے والی عظیم انقلابی کتاب ہے ملی یکجہتی کونسل دینی جماعتوں اورعلمائے کرام کا گلدستہ ،اتحاد ویکجہتی کا عظیم اتحاد اور فتنے وسازش کو ناکام بنانے کا بہترین پلیٹ فارم ہے عوام الناس کے دلوں میں مخلص علمائے کرام کا بہت احترام ہے #