کوئٹہ ،دہشتگردوں کا حملہ ،پاک فوج کا صوبیدار شہید ،سپاہی زخمی ،3دہشتگرد ہلاک

کوئٹہ(صباح نیوز) دہشت گردوں نے کوئٹہ کے قریبی علاقے ولی تنگی میں سیکیورٹی فورسز پر حملہ کیا ، پاک فوج کا صوبیدار شہید ،ایک سپاہی زخمی اور 3دہشت گرد ہلاک ہو گئے ۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق  دہشت گردوں کی جانب سے سکیورٹی فورسز پر حملہ کیا گیا جہاں دہشتگردوں اور سکیورٹی فورسز کے درمیان فائرنگ کے تبادلے میں 3 دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔

فائرنگ کے دوران پاک فوج کے صوبیدار قیصر رحیم نے بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا جبکہ ایک سپاہی شدید زخمی ہوگیا۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر ) نے کہا ہے کہ سکیورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کے لئے  پرعزم ہیں، بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔