ملک کے مالیاتی نظام کوبین الاقوامی معیارکے مطابق بنانے میں پرعزم ہیں، نگراں وزیرخزانہ ڈاکٹرشمشاداختر

اسلام آباد(صباح نیوز)نگراں وفاقی وزیرخزانہ، محصولات واقتصادی امورڈاکٹرشمشاداخترنے ملک کے مالیاتی نظام کوبین الاقوامی معیارکے مطابق بنانے کے حوالہ سے حکومتی عزم کااعادہ کرتے ہوئے محصولات جمع کرنے کے طریقہ کار کو مضبوط بنانے اور اقتصادی ترقی کو فروغ دینے کے لئے ٹیکنالوجی سے استفادہ کرنے کی ضرورت پرزوردیا ہے۔انہوں نے یہ بات  ایف بی آر ہیڈ کوارٹرز میں ایف بی آر کے آپریشنز کی آٹومیشن میں تیزی لانے کے لئے اجلاس کے دوران کہی۔

اجلاس میں وفاقی وزیر آئی ٹی اینڈ ٹیلی کام ڈاکٹر عمر سیف، چیئرمین ایف بی آر، ریونیو ڈویژن، آئی ٹی ڈویژن اور ایف بی آر کے افسران نے شرکت کی۔ ایف بی آر اور وزارت آئی ٹی وٹیلی کا م کی ٹیم نے وزیرخزانہ کو ایف بی آر کی آٹومیشن کے جامع منصوبہ پر پیشرفت سے آگاہ کیا اوربتایا کہ اس کے تحت ٹیکس کی وصولی اور ریونیو کے انتظام وانصرام کوبہترکرنے کااحاطہ کیا گیاہے۔

نگراں وزیرخزانہ نے ملک کے مالیاتی نظام کوبین الاقوامی معیارکے مطابق بنانے کے حوالہ سے حکومتی عزم کااعادہ کیا اورکہاکہ محصولات اکٹھا کرنے کے طریقہ کار کو مضبوط بنانے اور اقتصادی ترقی کو فروغ دینے کے لئے ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھانے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ آٹومیشن انتخاب نہیں بلکہ شفافیت، احتساب اور کاروبار کرنے میں آسانی کو یقینی بنانے کی ضرورت ہے۔اجلاس کے تمام شراکت دار اداروں نے مالیاتی نظم و نسق کے فروغ، محصولات کی وصولی میں اضافہ اور ملک کی اقتصادی ترقی کو تیز کرنے کے لئے کوششوں سے اتفاق کیا