اسلام آباد(صباح نیوز)نگراں وفاقی وزیر خزانہ، محصولات ، اقتصادی امور و نجکاری ڈاکٹر شمشاد اختر سے پاکستان میں ترکمانستان کے سفیر عطا جان معلم نے پیر کو یہاں ملاقات کی۔ نگراں وفاقی وزیر نے ترکمانستان کے سفیر کا گرمجوشی سے خیرمقدم کیا۔ ملاقات میں پاکستان اور ترکمانستان کے درمیان معیشت سمیت مختلف شعبوں میں تعلقات کو فروغ دینے سے متعلق امور کا تفصیل سے جائزہ لیا گیا۔
نگراں وفاقی وزیر خزانہ نے کہا کہ ترکمانستان وسطی ایشیا کا ایک اہم ملک ہے اور پاکستان ترکمانستان سمیت تمام وسطی ایشیائی ریاستوں کے ساتھ تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو فروغ دینے کا خواہاں ہے۔ ترکمانستان کے سفیر نے بھی وفاقی وزیر اور پاکستان کے عوام کیلئے نیک خواہشات اور تمنائوں کا اظہار کیا۔۔