اٹارنی جنرل کی نوازشریف کی برطانیہ سے واپسی کیلئے لا افسران سے مشاورت


لاہور (صباح نیوز)وفاقی حکومت پاکستان مسلم لیگ (ن)کے تاحیات قائد اورسابق وزیر اعظم میاں محمد نوازشریف کی برطانیہ سے پاکستان واپسی کے لئے متحرک ہو گئی ہے اوراس حوالے سے سنجیدگی سے غور شروع کردیا ۔

نجی ٹی وی کے مطابق  اٹارنی جنرل بیرسٹرخالد جاوید خان اوروفاقی حکومت کے قانونی ماہرین نے ایک بار پھر لاء افسران سے مشاورت کی ۔ نواز شریف کے بیرون ملک  جانے کے حوالہ سے جمع کروائے گئے نواز شریف اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف میاں محمد شہباز شریف کی جانب سے لاہور ہائی کورٹ میں جمع کروائے گئے الگ ، الگ بیان حلفی کے مندرجات کا بھی جائزہ لیا گیا جبکہ نواز شریف کی لاہور ہائی کورٹ میں جمع کرائی گئی سات میڈیکل رپورٹس کا بھی جائزہ لیا گیا۔

اٹارنی جنرل حتمی مشاورت کرنے کے بعد اس معاملہ پر وزیر اعظم عمران خان کو بریفنگ دیں گے جس کے بعد نواز شریف کو وطن واپس لانے کے لئے لاہور ہائی کورٹ سے رجوع کرنے یا نہ کرنے کے حوالے سے حتمی فیصلہ کیا جائے گا۔