سکروٹنی رپورٹ کے بعد عمران خان کا کرپشن سے آلودہ چہرہ سامنے آیا،بلاول بھٹو


اسلام آباد (صباح نیوز)پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) فارن فنڈنگ کیس کے حوالے سے سکروٹنی کمیٹی کی رپورٹ کے اجرا پرردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کی سکروٹنی رپورٹ کے بعد عمران خان کا کرپشن سے آلودہ بھیانک چہرہ سامنے آیا ہے۔

عمران خان نے سچ بولنے کا حلف اٹھا کر پی ٹی آئی کے بینک اکائونٹس الیکشن کمیشن سے چھپائے۔کروڑوں روپے دیدہ دلیری سے خردبرد کرنے والے سلیکٹڈ وزیراعظم دوسروں کو کرپشن کے طعنے دیتے ہیں۔ان خیالات کااظہار بلاول بھٹو زرداری نے بدھ کے روز سوشل میڈیا پرجاری اپنے بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے کرپشن کے خلاف نام نہاد مہم کی آڑ میں کرپشن کرکے ملک کو لوٹا ہے۔ آج تباہ حال ملکی معیشت گواہ ہے کہ پی ٹی آئی سرکار قومی خزانے کو بیدردی سے لوٹ رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کو زبردستی کا ایمان دار ثابت کرکے قوم پر مسلط کیا گیا، اب حساب دینے کا وقت آچکا ہے۔ جبکہ پی پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے قائدِ عوام ذوالفقار علی بھٹو کو ان کی94ویںیومِ ولادت پر خراج عقیدت  پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ذوالفقار علی بھٹو اب ایک ناقابلِ فراموش تاریخ اور ناقابلِ تسخیر تحریک ہیں۔ بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ جیئے بھٹو کا نعرہ وہ آئینہ ہے، ہر آمرانہ و عوام دشمن سوچ اور فرد جس کا سامنا کرنے سے ڈرتے ہیں۔قائدِ عوام کی طرزِ سیاست و حکومت کی وجہ سے عوام کو پہلی بار ریاست کے قریب آنے کا موقع ملا۔ ذوالفقار علی  بھٹو کی وجہ سے عوام کو ملک کی باگ ڈور ہاتھوں میں لینے کا بھی موقع ملا۔قائدِ عوام پہلے لیڈر تھے، جنہوں نے طاقت کا سرچشمہ عوام کو قرار دیا۔

انہوں نے کہا کہ انہوں نے ایک ایسی جمہور دوست نظریاتی جماعت کی بنیاد رکھی، جو پاکستانی عوام کے حقوق اور مفادات کی محافظ ہے۔ پی پی پی ایک ترقی پسند سوچ و فکر کی علمبردار، مساوات کی داعی اور عوام کی واحد نمائندہ جماعت ہے۔شہید بھٹو ملک کے مظلوم، پسماندہ اور محروم لوگوں کے لیئے باعثِ ہمت و حوصلہ تھے اور ہمیشہ رہیں گے۔قائداعظم کے بعد، ملک و قوم کے لئے سب سے زیادہ اگر کسی نے خدمت اور قربانیاں دیں ہیں، تو وہ شہید بھٹو ہیں۔قائدِ عوام نے اپنے سیاسی تدبر و سفارتی صلاحیتیوںکو بروئے کار لاکر ایک ٹوٹے پھوٹے ملک کو اٹھایا اور اسے اپنے پائوں پر کھڑا کیا۔

انہوں نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو نے دشمن کے قبضے سے 93 ہزار جنگی قیدیوں کو رہا اور ملک کی 5 ہزار اسکوائر میل زمین واگزار کرائی۔ جنگ زدہ ملک کوذوالفقار علی بھٹو نے پہلا متفقہ آئین دیا۔ ملکی دفاع کو ناقابلِ تسخیر بنانے کے لئے ملک کے پہلے منتخب وزیراعظم نے جوہری پروگرام کا آغاز کیا۔ بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ شہید بھٹو نے معیشت و صنعت کی مضبوط بنیادیں رکھیں،انہوں نے حق رائے دہندگی، زرعی اصلاحات، مساوات، ہر قسم کی امتیاز کا خاتمہ کیا۔خواتین و معاشرے کے کمزور طبقات کو طاقتور بنانا جیسے اقدامات شہید ذوالفقار علی بھٹو کے طرہ امتیاز ہیں۔قائدِ عوام کے دورِ حکومت کے دوران پاکستان کے ہر شعبہ میں نمایاں ترقی ہوئی۔

انہوں نے کہا کہ بے مثال خدمات اور اپنے آدرشوں پر کوئی سمجھوتہ نہ کرنا ہی وہ اسباب ہیں، جس کے باعث عوام کی دل و ذہن میں آج بھی بھٹو زندہ ہے۔ قائدِ عوام کو خراج عقیدت پیش کرنے کا بہتر انداز یہ ہے کہ ہم ان کی  دی گئی قربانیوں اور نظریئے کو یاد رکھیں۔قائدِ عوام کی دکھائی راہ پر چلتے ہوئے ملک  و قوم کی خوشحالی، سلامتی اور ایک روشن مستقبل کے لیئے ہم مِل جل کر آگے بڑھیں۔

پی پی پی اپنے بانی چیئرمین دیئے ہوئے تحفے 1973ء کے متفقہ آئین کی حفاظت کرتی رہے گی۔یہ آئین ہماری قومی آہنگی اور اتحاد کی سب سے بڑی ضمانت ہے۔بلاول بھٹو زرداری نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پی پی پی ملک کو ایک وفاقی جمہوری ملک اور عظیم و مضبوط تر ریاست بنانے کے لیے جدوجہد جاری رکھے گی۔ پاکستان پیپلز پارٹی مقبوضہ کشمیر کی عوام کی جائز تحریک آزادی کی سیاسی، اخلاقی اور اصولی حمایت جاری رکھے گی کیونکہ قائد عوام نے اپنی پارٹی کی بنیاد ہی مسئلہ کشمیر پر رکھی تھی۔کامل یقین ہے، وہ دن دور نہیں، جب بھارتی تسلط کا خاتمہ ہوگا اور کشمیری بھائیوں کو ان کی سرزمین واپس ملے گی۔