لاہور ہائیکورٹ ،پرائیویٹ میڈیکل کالجز کے سمسٹر کے دوران فیسوں میں اضافہ غیرقانونی قرار

لاہور (صباح نیوز) لاہور ہائیکورٹ نے پرائیویٹ میڈیکل کالجز کے اسٹڈی پروگرام کے دوران فیس میں اضافے کو غیرقانونی قرار دے دیا۔

جسٹس شاہد جمیل خان نے تحریری فیصلے میں حکم دیا ہے کہ پاکستان میڈیکل کونسل اس بات کو یقینی بنائے کہ میڈیکل کالج اضافی اور غیر اعلانیہ فیسیں وصول نہ کریں۔لاہور ہائیکورٹ کے جج جسٹس شاہد جمیل خان نے پرائیویٹ میڈیکل کالجز کے اسٹڈی پروگرام کے دوران فیس میں اضافے کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے 10 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کردیا۔

تحریری فیصلے کے مطابق پاکستان میڈیکل کونسل اس بات کو یقینی بنائے کہ میڈیکل کالجز اضافی اور غیراعلانیہ فیسیں وصول نہ کریں۔رپورٹ کے مطابق پرائیویٹ میڈیکل کالجز نے سمسٹر کے دوران فیسوں میں اضافہ کردیا تھا۔

تحریری فیصلے میں کہا گیا ہے کہ پرائیویٹ میڈیکل اینڈ ڈینٹل کالجز کی فیسوں میں اضافے کا اقدام کالعدم قرار دیا جاتا ہے، کالجز صرف وہی فیسیں وصول کریں جو 2022 کے سیشن شروع ہوتے وقت مقرر کی گئی تھیں۔