جماعت اسلامی بلوچستان کو خوشحال ،پرامن اورترقی یافتہ صوبہ بناناچاہتی ہے ۔ مولاناعبدالحق ہاشمی

کوئٹہ(صباح نیوز) امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولاناعبدالحق ہاشمی نے کہاکہ جماعت اسلامی بلوچستان کو خوشحال ،پرامن اورترقی یافتہ صوبہ بناناچاہتی ہے جماعت اسلامی اقتدار میں آکر بلوچستان کے ہر علاقے کے عوام کیلئے انصاف ،امن ،تعلیم ،صحت اورروزگارفراہم کریں گے بلوچستان میں امن وامان سیکورٹی فورسزوحکمرانوں کی ناکامی ہے ۔امن کے قیام اور بدعنوانی کے خاتمے سے ترقی وخوشحالی کے دورازے کھل جائیں گے بدقسمتی سے بلوچستان میں سیکورٹی فورسزبھی کرپشن وکمیشن ،کاروباروبھتہ خوری میں مصروف ہیں۔ملک وملت کی ترقی میں بدعنوان عناصر رکاوٹ ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ بلوچستان میںامن کے قیام کیلئے لو گوں کی عزت، وقار اور قبائلی و انسانی اقدار کے تقدس کا احترام یقینی بنایا جائے گا۔ قانون پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے گاتاکہ کوئی فرد یا ادارہ کسی پر ظلم اورناانصافی کا ارتکاب نہ کرسکے۔قبائلی رنجشوں اور تنازعات کو ہر سطح پر حکومتی سرپرستی میں مصالحتی کمیٹیاں تشکیل دے ختم کیاجائے گا۔ صوبے کے تمام شاہراہوں اور سٹرکوں سے سرکاری اور نجی چیک پوسٹوں اور بیریئرز کو ختم کیا جائے گا تاکہ کسی بھی شہری کی عزت نفس مجرو ح نہ ہو اور اسکا روزگار کا راستہ بند نہ ہو۔پولیس ، لیویز اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افراد کے پیشہ وارانہ صلاحیتوں کو بڑھانے اور ان کی اخلاقی تربیت کیلئے محدود اور طویل مدتی ٹریننگ کا انتظام کیا جائے گاتاکہ ہر قسم کے جرائم کا خاتمہ ہو اور کسی ناحق کے ساتھ زیادتی نہ ہو۔سیاحتی مقامات کو آلودگی سے پاک رکھنے، سکیورٹی اور مناسب قیمتوں کے تعین و کنڑول کا نظام قائم کیا جائے گا۔

بلوچستان میں لاپتہ افراد کی بازیابی اور دیگر سیاسی اور معاشمی اہمیت کے مسائل کے حل کیلئے کوششوں کو تیز کیا جائیگا۔تمام مذاہب کے پیروکاروں کی جان، مال ، عزت ، آبرو اور عبادت گاہوں کاتحفظ کیا جائے گا۔  ادویات ،بجلی، گیس ودیگر اشیاء کی قیمتوں میں اضافہ اے پی ڈی ایم جماعتوں کا عوام کو تحفہ ہے عوام ووٹ کے ذریعے مہنگائی بدامنی ومسائل پیدا کرنے والے اے پی ڈی ایم جماعتوں کو مسترد کردیں ۔اے پی ڈی ایم جماعتوں کے قائدین نے اپنے بچوں کو وزارتیں ومراعات دیے،لوٹ مار وجرائم کے مقدمات ختم کیے جبکہ قوم کے بچوں کو بدترین مہنگائی ،بھاری سودی قرضے اور خالی خولی وعدوں وبے عمل اعلانات کے پر ٹرخادیا جو لمحہ فکریہ ہے۔کراچی کے عوام کو جعلی نہیں اصلی میئرچاہیے جو ان کے مسائل حل کرسکیں