عوام کالے قانون کیخلاف دھرنے میں شرکت کریں۔محمد حسین محنتی


 کراچی(صباح نیوز)جماعت اسلامی سندھ کے امیرمحمد حسین محنتی نے کراچی کو حق دو تحریک کے تحت بلدیاتی کالے قانون کیخلاف 31دسمبر کو سندھ اسمبلی کے باہر ہونے والے دھرنے میں عوام سے بھرپور شرکت کی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ جمہوریت کے دعویدار حکمرانوں کا آمرانہ طرز عمل افسوس ناک ہے،

انہوں نے  ایک بیان میں مطالبہ کیا کہ حکومت سندھ بلدیاتی کالاقانون واپس لیکر کراچی تا کشمور بلدیاتی نمائندوں کو مالی وانتظامی طور پر بااختیار بنائے، مردم شماری کو آزادانہ ومنصفانہ طور کراکے اہل کراچی کو اپنا حق دیا جائے، ملک کا سب سے بڑا شہر اور صوبائی دارلخلافہ شہر کراچی پہلے ہی پانی، بجلی، صفائی ،بدامنی سمیت بے شمار مسائل کا شکار ہے، بلدیاتی کالے قانون سے منتخب نمائندوں کو بے اختیار بناکر شہریوں کے مسائل میں مزید اضافہ کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ”حق دو گوادرکو” کی طرح حق دو کراچی کو تحریک بھی ضرور کامیابی سے ہمکنار ہوگی۔