پشاورہائیکورٹ نے انور تاج اور عطااللہ کے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات فراہمی کے بعد درخواستیں نمٹادیں


پشاور(صباح نیوز)پشاورہائیکورٹ نے انور تاج اور عطااللہ کے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات فراہمی کے بعد درخواستیں نمٹادیں۔ تحریک انصاف کے سابق رکن قومی اسمبلی انور تاج اورسابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصرکے بھائی تحصیل مئیر صوابی عطااللہ کے خلاف درج مقدمات کی تفصیلات کے لیے دائر درخواست پر سماعت پشاور ہائیکورت کے جسٹس اشتیاق ابراہیم اور اعجاز انور پر مشتمل 2 رکنی بینچ نے کی۔

دوران سماعت درخواست گزاروں کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ ان کے موکلوں کے خلاف مختلف مقامات پر مقدمات درج کئے گئے تاہم انہیں کوئی تفصیلات فراہم نہیں کی جارہیں، جس کے خلاف انہوں نے عدالت سے رجوع کیا ہے۔

سرکاری وکیل نے عدالت کو بتایا کہ تحریک انصاف کے سابق ایم این اے انور تاج کے خلاف چارسدہ اور مردان میں اینٹی کرپشن کا ایک مقدمہ اور پولیس کے 3 مقدمات ہیں جبکہ  تحصیل مئیر صوابی عطااللہ کے خلاف اینٹی کرپشن میں ایک شکایت ہے۔

جسٹس اعجاز انور نے کہا کہ اگر حکومت مخالفین پر سیاسی انتقام کے لیے انٹی کرپشن کے مقدمات بنائے گی تو پھر لوگوں کا اس پر سے اعتماد اٹھ جائے گا۔ عدالت نے تفصیلات فراہم کرنے کے بعد رِٹ درخواستیں نمٹا دیں۔