مولانا فضل الرحمان کی سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعہ کی مذمت

ڈیرہ اسماعیل خان(صباح نیوز)پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے بھی سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعے کی مذمت کر دی۔قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعے پر رد عمل دیتے ہوئے جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ سویڈن واقعے سے پوری دنیا کے مسلمانوں کی دل آزاری اور توہین ہوئی ہے،

امت مسلمہ کے دینی اور روحانی جذبات کو ٹھیس پہنچائی گئی ہے جس کی پر زور مذمت کرتے ہیں۔مولانا فضل الرحمان نے مزید کہا ہے کہ واقعہ تصادم، انتشار اور عالمی سطح پر امن کی کوششوں کو سبوتاژ کرنے کی منصوبہ بندی کا حصہ معلوم ہوتا ہے، مذہبی مقدسات کی توہین ناقابل برداشت ہے، عالمی برادری کو خبردار کرتے ہیں کہ امن و امان کی صورتحال کو کشیدہ بنانے والے عناصر کو کٹہرے میں لائے۔