ڈیلوں کی سونامی میں غرق عمرانی سیاست منطقی انجام کوپہنچ رہی ہے،مریم اورنگزیب


اسلام آباد(صباح نیوز)مسلم لیگ(ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ ڈیلوں کی سونامی میں غرق عمرانی سیاست اپنے منطقی انجام تک پہنچ رہی ہے، عمران خان اور کرائے کے ترجمان گھبرائے ہوئے ہیں۔

سماجی رابطے کی سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ آج ڈان تنہا ہے، مکرو فریب سے سزائیں دلوانے والا مافیا بے نقاب ہوچکا ہے، سسیلین لٹیرے خزانہ لوٹ کر کنارہ کشی اختیار کر رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ یہ وہ وقت کا انتقام ہے جس کی گرفت میں حکومتی ٹولہ جکڑا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن کی متحدہ قوت اوراجتماعی دانش سے پاکستان مسلم لیگ (ن)پارلیمان کے اندر اور باہر ہر وہ سیاسی اور آئینی طریقہ استعمال کرے گی جس سے عوام کو اس ظالم ٹولے سے نجات ملے۔

انہوں نے کہا کہ اقتدار کے ساتھ باس بدل لینے والوں کے لئے بیانات بدلنا نئی بات نہیں۔ عوام کی پی ٹی آئی اور عمران صاحب سے نفرت سے وجود میں آنے والا نیا پاکستان دیکھ کر عمران خان اور کرائے کے ترجمان گھبرائے ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان کا سیاسی بیانیہ اور بدبودار سیاسی انتقام پورے کا پورا دفن اور ملیامیٹ ہوچکا ہے۔ عوام کا بڑھتا ہوا شدید غصہ اور نفرت مزید جھوٹ بولنے سے کم ہوگا اور نہ ہی جھوٹے بیانات سے انہیں کوئی نیا چکر دیا جاسکتا ہے۔ عمران  خان کو پورا موقع ملا تھا ،اپنا نیا پاکستان بنانے کا۔

انہوں نے کہا کہ بدترین ناکامیوں، عوام میں تاریخی رسوائی پر پردہ ڈالنے کا یہ صرف اور صرف نیا فریب ہے۔ ڈیل کے شوشے چھوڑنے والے دراصل اپنا انجام دیکھ کر گھبراگئے ہیں۔ یہ عوامی نفرت کو ڈیل کا نام دے کر اپنے گناہوں کی سزا سے بچ نہیں سکتے۔