حکومت مہنگائی کو کنٹرول نہ کرسکی،رواں ہفتے مہنگائی کا پارہ 19اعشاریہ 83 فیصد کی سطح پر پہنچ گیا


اسلام آباد(صباح نیوز)حکومت مہنگائی پر کنٹرول نہ کرسکی، ایک ہفتے کے دوران بیشتر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں اضافہ ہوا ہے،

رواں ہفتے مہنگائی کا پارہ 19اعشاریہ 83 فیصد کی سطح پر پہنچ گیا۔ ادارہ شماریات کی جانب سے مہنگائی کی ہفتہ وار رپورٹ جاری کردی گئی ہے جس کے مطابق ماہانہ 17ہزار تک کمانے والوں کیلئے مہنگائی ریکارڈ22فیصد کے قریب پہنچ گئی۔رپورٹ کے مطابق ایک ہفتے میں مہنگائی کی شرح میں 0.40فیصد کا اضافہ ہوگیا،

رواں ہفتے کے دوران 23اشیا کی قیمتوں میں اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔رواں ہفتے کے دوران ٹماٹر، ایل پی جی، لکڑی مہنگی ہوئی، ایل پی جی کا گھریلو سلنڈر 118روپے3 پیسے مہنگا ہوا جس کے بعد ایل پی جی کے گھریلوسلنڈرکی قیمت 2355سیبڑھ کر 2463ہوگئی۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ایک ہفتے کے دوران ٹماٹرفی کلو 5روپے42پیسے مہنگے ہوگئے،

چینی کی فی کلو قیمت میں 1روپے 32 پیسے کا اضافہ اور انڈوں کی فی درجن قیمت میں 5روپے 3 پیسے کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔اس کے علاوہ رواں ہفتے دال ماش کی فی کلو قیمت میں 3روپے47 پیسے، لکڑی کی فی من قیمت میں 3روپے 43پیسے کااضافہ ہوا جبکہ صرف 5اشیا کی قیمتوں میں کمی ہوئی۔

ایک ہفتے کے دوران آلو 2روپے 5پیسے فی کلو سستے ہوئے، پیاز گڑ اورآٹے کی قیمتوں میں معمولی کمی ہوئی جبکہ چاول ،کوکنگ آئل سمیت 23اشیا کی قیمتوں میں استحکام رہا