اسلام آباد(صباح نیوز)جماعت اسلامی حلقہ خواتین شمالی پنجاب کی ناظمہ ثمینہ احسان نے کہا ہے کہ قائد اعظم کا مسلم قوم کا لیڈر بننا برصغیر کے مسلمانوں کی تقدیر بدلنے کا سبب بنا۔
ان خیالات کا اظہار جماعت اسلامی حلقہ خواتین شمالی پنجاب کی ناظمہ ثمینہ احسان اور ناظمہ ضلع اسلام آباد نصرت ناہید نے اپنے مشترکہ بیان میں یوم قائد اعظم کے موقع پر کیا،اس موقع پر ثمینہ احسان نے کہا کہ وہ قوم خوش نصیب ہوتی ہے جو اہل قیادت کو منتخب کرتی ہے۔ قائد اعظم کا مسلم قوم کا لیڈر بننا برصغیر کے مسلمانوں کی تقدیر بدلنے کا سبب بنا۔ پوری صدی غلامی کی زنجیروں میں جکڑے رہنے کے بعد قائد اعظم کی بیدار مغز راہنمائی اورجدوجہد کے نتیجہ میں پاکستان ایک معجزے کی طرح دنیا کے نقشہ پر ابھرا۔
انہوں نے مزید کہا کہ قائد اعظم کے یومِ پیدائش پر ہمیں اس عزم کا اعادہ کرنا ہو گا کہ پاکستان کوقائدکے خوابوں کے مطابق بنانے کیلئے دوبارہ ہمیں بیدار مغز اور ایسی قیادت کو منتخب کرنا ہے جو قائد کے ویژن سے آگاہ ہو اور جس کے پاس اس ویژن کی تکمیل کے لیے ایماندار، شفاف اور کام کی ماہر ٹیم موجود ہو۔ انہوں نے قوم کو پیغام دیا کہ یہ وطن ایک مسجد ہے اور اس میں اسلامی نظام حکومت قائم کرنا ہماری ذمہ داری ہے۔
اس سلسلے میں جماعتِ اسلامی بھرپور صلاحیت رکھتی ہے کہ ملک کو اسلامی نظام دے کر خوشحال اور اسلامی پاکستان بنا دے۔نصرت ناہید نے کہا کہ قائد اعظم عظیم راہنما ہونے کے ساتھ ایک مرد مجاہد بھی تھے۔انہوں نے برصغیر کے مسلمانوں کو ایک بڑے ویژن(لا الہ الااللہ)کی بنیاد پر غلامی سے نجات دلائی۔آج دوبارہ اسی نظریے کو دہرانے کی ضرورت ہے۔اس ملک کی سلامتی اور ترقی کے لیے ایسی باصلاحیت اور دیانت دار قیادت کی ضرورت ہے جن کے کردار بے داغ ہوں۔