بدانتظامی کی وجہ سے گیس بحران گرمیوں تک بدستور جاری رہے گا،شیری رحمان


اسلام آباد(صباح نیوز)پاکستان پیپلز پارٹی کی نائب صدروچیئرپرسن سینیٹ قائمہ کمیٹی برائے خارجہ امور شیری رحمان نے کہا ہے کہ حکومت کی بدانتظامی کی وجہ سے گیس کا بحران گرمیوں تک بدستور جاری رہے گا۔ ریکارڈ بلند قیمتوں پر گیس خریدی گئی اور ڈیفالٹر کمپنیوں سے معاہدوں کی وجہ سے متعدد بار ڈلیوری میں تاخیر ہوئی جس سے  گردشی قرضے میں 50 ارب روپے کا اضافہ ہوگا۔

گردشی قرضہ پہلے ہی 2.419 ٹریلین روپے ہے۔ ان خیالات کااظہار شیری رحمان نے جمعہ کے روز ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں کیا۔ شیری رحمان نے کہا کہ حکومت کی غلط پالیسیوں کی وجہ سے صرف گیس شعبے کا سرکلر ڈیٹ 12 سوارب ہو گیا ۔

دوسری طرف سنگاپور کی کمپنی کے بعد اٹلی کی کمپنی نے بھی ایل این جی فراہمی سے انکار کر دیا،گیس کی عدم سپلائی کی وجہ سے چولہے اور صنعتیں بند پڑی ہیں لیکن ملک پر مسلط حکومت ذمہ داری لینے کو تیار نہیں۔