اسلام آباد(صباح نیوز)وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ پاکستان،اسلام آباد میں منعقدہ او آئی سی وزرائے خارجہ کونسل کے غیر معمولی اجلاس کے بعد افغان عوام کی حمایت میں ہونے والی دو اہم پیش رفت کا خیرمقدم کرتا ہے۔
اپنے ایک ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے افغانستان کو امداد فراہم کرنے کی قرارداد منظور کی ہے جس میں بنیادی ضروریات فراہمی کی حمایت کی گئی ہے۔ایک اور پیشرفت میں، انہوں نے کہا کہ امریکا نے امداد کی فراہمی میں آسانی کے لیے طالبان کے ساتھ کاروبار کرنے والے امریکی اور اقوام متحدہ کے اہلکاروں کو امریکی پابندیوں سے مستثنی قرار دیا گیا ہے۔
پاکستان کا افغانستان کی انسانی امداد سے متعلق اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی قرارداد کا خیر مقدم
پاکستان نے افغانستان کی انسانی امداد سے متعلق اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی قراردادکا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا ہے کہ قرارداد افغانستان کی نازک صورتحال کے موقع پر منظور ہوئی ہے۔
ترجمان دفتر خارجہ نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ قرارداد اوآئی سی وزرائے خارجہ کونسل اجلاس کے جذبات کی عکاس ہے۔ انہوں نے کہاکہ سلامتی کونسل کا اقدام افغانستان کی ہنگامی امداد کی جانب درست قدم ہے ۔
ترجمان نے کہاکہ افغان معیشت کی بحالی اور اثاثوں کو غیر منجمد کرنے کے راستے تلاش کیے جانے چاہئیں۔ امید ہے عالمی برادری اور ادارے افغانستان کی ہنگامی بنیادوں پر امداد کیلئے آگے آئیں گے۔