اسلام آباد(صباح نیوز) عالمی بینک نے پاکستان کیلئے 19کروڑ 50لاکھ ڈالر قرض کی منظوری دے دی ہے۔
عالمی بینک کے مطابق پاکستان کو قرض کے لیے منظور کی گئی رقم توانائی کے شعبوں میں ریفارمز اور بہتری کے لیے خرچ ہوگی جبکہ بجلی انفراسٹرکچر کی تقسیم کے سسٹم میں بہتری کے لیے رقم کا استعمال ہوگا۔اس حوالے سے ترجمان وزارت اقتصادی امور کا کہنا ہے کہ مذکورہ رقم توانائی کے شعبے میں بہتری کے لئے استعمال کی جائے گی۔
پاکستان اور عالمی بینک کے درمیان معاہدے پرا سلام آباد میں دستخط کئے گئے، معاہدے پرسیکرٹری اقتصادی امور ڈویژن میاں اسد حیاالدین نے دستخط کئے۔ورلڈ بینک کے آپریشنز منیجر انجم احمد نے ورلڈ بینک کی جانب سے دستخط کئے جبکہ حیسکو، میپکواور پیسکوکے نمائندوں نے بھی منصوبے کے معاہدوں پر دستخط کئے۔
اس حوالے سے ذرائع کا کہنا ہے کہ حیسکو، میپکو اور پیسکو کی آپریشنل کارکردگی بہتر بنانے کے اقدامات کئے جائیں گے، منصوبہ الیکٹرک سٹی پالیسی 2021کے تحت پاور سیکٹر میں اصلاحات کے نفاذ میں معاونت کریگا۔سیکرٹری اقتصادی امور ڈویژن نے جامع اور پائیدار اقتصادی ترقی کے فروغ کیلئے مسلسل تعاون فراہم پر عالمی بینک کی انتظامیہ کا شکریہ ادا کیا۔