اسلام آباد(صباح نیوز)چیئرمین سینیٹ کے الیکشن کے خلاف یوسف رضا گیلانی کی انٹراکورٹ اپیل پر اسلام آباد ہائی کورٹ نے فیصلہ محفوظ کرلیا ۔یوسف رضا گیلانی کے وکیل فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ چیئرمین سینیٹ انتخاب میں 7 ووٹ پریزائڈنگ افسر نے مسترد کردئیے۔
فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ بیلٹ پیپرز کی مارکنگ سے متعلق کوئی قانون نہیں ہے۔واضح رہے کہ چیئرمین سینیٹ کے انتخابات میں اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ(پی ڈی ایم)کے امیدوار یوسف رضا گیلانی کے 7 ووٹ مسترد ہوئے تھے جس کے بعد پریذائیڈنگ افسر سید مظفر علی شاہ نے حکومتی امیدوار صادق سنجرانی کو چیئرمین سینیٹ کے الیکشن میں کامیاب قرار دیا تھا۔
جس کے بعد چیئرمین سینیٹ کے امیدوار یوسف رضا گیلانی کی جانب سے فاروق ایچ نائیک نے اسلام آباد ہائی کورٹ میں درخواست دائر کی تھی۔پیپلز پارٹی کی جانب سے اسلام آباد ہائی کورٹ میں دائر درخواست میں کہا گیا کہ یوسف رضا گیلانی کے مسترد ووٹوں کو منظور کرکے چیئرمین سینیٹ قرار دیا جائے۔درخواست میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ یوسف رضا گیلانی کے7 ووٹ غیرقانونی طریقے سے مسترد کیے گئے۔