حکمرانوں کی بدعنوانی ناکامی نااہلی کی وجہ سے لوگ پریشان ہیں،مولانا عبدالحق ہاشمی


کوئٹہ( صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی بلوچستان مولانا عبدالحق ہاشمی نے کہاکہ حکمرانوں کی بدعنوانی ناکامی نااہلی کی وجہ سے مبارک مہینے رمضان المبارک میں بھی عوام مہنگائی وغربت کی وجہ سے پریشان رہیں گے ۔ہوشیار اور عقل مند وہ ہے جو اپنے نفس کو قابو میں رکھے اور  اپنا ہر عمل آخرت کی نجات و کامیابی کو سامنے رکھتے ہوئے کرے جبکہ وہ نادان اور بے وقوف ہے جو اپنے آپ کو خواہشاتِ نفس کا تابع کردے اور بجائے احکام خداوندی کے اپنے نفس کے تقاضوں پر چلے اور پھر اللہ سے اُمیدیں باندھے۔ بڑے پیمانے پر رمضان المبارک میں  قرآن کی تلاوت ترجمہ و تفہیم اورتراویح میں مکمل قرآن کے سننے کیساتھ غرباء ومساکین کی مددصدقہ وخیرات اور زکواة کا بھی اہتمام کیا جائے ۔

ان خیالات کا اظہارانہوں نے مسلم باغ میں استقبال رمضان تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا تقریب میں جماعت اسلامی کے صوبائی ڈپٹی جنرل سیکرٹری مرتضیٰ خان کاکڑ،امیر ضلع قلعہ سیف اللہ نظیف اللہ ،حاجی عبداللہ نے بھی خطاب کیا انہوں نے کہاکہ روزہ اللہ تعالیٰ کی رضا و خوشنودی حاصل کرنے کا اہم ترین ذریعہ ہے ۔اسی لئے پہلی امتوں پر بھی روزے کسی نہ کسی طریقے سے فرض رہے ہیں۔ روزے کا ایک اہم ترین مقصد معاشرے میں موجود غربا و مساکین اور نادار وں کی بھوک پیاس اور ضروریات کا احساس دلانا بھی ہے جو سارا سال غربت اور تنگ دستی کی وجہ سے بھوک برداشت کرتے ہیں۔بیوائوں اور یتیموں کی کفا لت کی طرف توجہ دلانا ہے جن کی بے چارگی انہیں ہروقت مجبور و محروم رکھتی ہے ۔اسی لئے فرمایا کہ کسی کا روزہ افطار کروانے والے کو ایک روزے کے مطابق اجر وثواب ملے گاخواہ وہ ایک کھجور اور پانی کے گھونٹ سے ہی کیوں نہ افطار کروایا جائے اور افطار کرنے والے کے اجرو ثواب میں بھی کوئی کمی نہیں ہوگی ۔اس لئے اپنے ارد گرد ایسے افراد کی طرف خصوصی توجہ دینے کی ضرورت ہے جوروزے تو رکھتے ہیں مگر انہیں سارادن یہ فکررہتی ہے کہ آج پکائیں گے کیا اور کھائیں گے کیا ۔؟ ان کے معصوم بچے بھی چاہتے ہیں کہ افطاری کے وقت ان کی کوئی پسندیدہ چیز کھانے کو مل جائے ۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ اللہ تعالیٰ فرماتا ہے کہ جو بھوکے کو کھانا کھلانے کی ترغیب نہیں دلاتا اور یتیم کو دھکے دیتا ہے وہ دین کو جھٹلاتا اور قیامت کے دن کا انکار کرتا ہے ۔اسی حضور ۖ نے فرمایا کہ وہ مسلمان نہیں ہوسکتا جو خود تو پیٹ بھر کرکھائے اور اس کا ہمسایہ بھوکا رہے اگر ہر فرد اپنے اردگرد کے ضرورت مندوں اورحاجت مندوں کی خبر گیری اور حاجت روائی کرے تو ہمارا معاشرہ محبت و اخوت اور ہمدردی و بھائی چارے اپنی مثال آپ بن سکتا ہے #

دریں اثنا جماعت اسلامی یوتھ بلوچستان کے زیر اہتمام چمن کراچی مین شاہراہ سمیت صوبے کے دیگر اضلاع کی بڑی شاہراہوں کو ڈیرہ مرادجمالی ،نوشکی ،مستونگ ،ژوب ،پنجگور سمیت مختف مقامات پر کئی گھنٹوں بلاک کرکے احتجاجی ریلیاں ومظاہرے کیے گیے

اس موقع پر جماعت اسلامی وجے آئی یوتھ کے رہنمائوں نقیب اللہ اخوانی ،بشیراحمدماندائی ،انجینئر عبدالمجید بادینی ،عبدالناصرنے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ دہشت گردقاتل بھتہ خور سمیت ملک وملت کو تباہ کرنے والے بدترین جرائم کے باوجود رہا جبکہ عوام کے حقوق کی بات جمہوری آئینی طریقے سے کرنے والا مولانا ہدایت الرحمان بلوچ کیوں ڈھائی ماہ سے قیدمیں ہے ۔حکمران اور ملک کے وسائل پر قابض مافیازجان لیں کہ مولانا ہدایت الرحمان بلوچ جمہوری جدوجہد حقوق مانگنے سے کسی صورت دست بردار نہیں ہوں گے ۔

جے آئی یوتھ سمیت بلوچستان کا ہر غیرت مند جوان مولانا ہدایت الرحمان بلوچ کیساتھ ہے ۔انہوں نے کہاکہ کہ اگر مولانا ہدایت الرحمان بلوچ کو رہا نہ کیا گیا تو گوادر کو جام کرنے کے بعد پورے ملک کو بند کیا جائیگا اور قومی سطح پر بھر پوراحتجاج کیا جائیگا بلوچستان دشمنوں کو ناکام بنانے کیلئے عوام مولانا ہدایت الرحمان بلوچ کیساتھ ہے ۔حکمرانوں ،خودساختہ حکمران بننے والے خبر داررہے اور فوری طور پر مولانا ہدایت الرحمان
بلوچ کو رہا کرکے جھوٹے مقدمات ختم کریں ملک وملت دشمن قوتیں چاہتی ہے کہ مولانا ہدایت الرحمان بلوچ اور ان کے ساتھ پہاڑوں کی طرف جائیں شدت پسندی دہشت گردی کا راستہ اختیارکریں تاکہ ساحل بارڈر اورچیک پوسٹوں پر لاکھوں کروڑوں کا بھتہ ،غنڈہ ٹیکس لینے والوں کی لوٹ مار جاری رہے قتل وغارت دہشت گردی جاری رہے تاکہ ملک تباہ کرنے والے جوبیرون ملک بیٹھ کر پاکستان کو لوٹ رہے ہیں ان کو بھتہ وغنڈہ ٹیکس ملتا ہے بلوچستان کے وسائل بلوچستان پر خرچ کرنے ،آئینی جمہوری حقوق حاصل کرنے ،لٹیروں کو ناناکام بنانے کیلئے ہماری جدوجہد جاری رہے گی