اقوام متحدہ میں اسلامو فوبیا کے حوالے سے کانفرنس کا انعقاد ایک اہم پیشرفت ہے ،ڈاکٹر فائی

واشنگٹن (صباح نیوز) امریکہ میں قائم ورلڈ فورم فار پیس اینڈ جسٹس کے چیئرمین ڈاکٹر غلام نبی فائی نے کہا ہے کہ اقوام متحدہ میں اسلامو فوبیا کے حوالے سے کانفرنس کا انعقاد ایک اہم پیش رفت ہے۔15 مارچ 2022 کو اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے اتفاق رائے سے ایک قرارداد منظور کی تھی جوپاکستان نے اسلامی تعاون تنظیم کی طرف سے پیش کی تھی۔ قرار داد میں 15 مارچ کو اسلامو فوبیا سے نمٹنے کا عالمی دن قرار دیا گیا ہے۔

اس حوالے سے اقوام متحدہ میں ایک کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں مقررین نے مسلمانوں کے خلاف بڑھتی ہوئی نفرت، امتیازی سلوک اور تشدد کے خلاف ٹھوس اقدامات کی ضرورت پر زور دیا۔ تقریب کی صدارت پاکستان کے وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کی۔ تقریب سے دیگر کے علاوہ اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس اور اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے صدرنے بھی خطاب کیا۔ اسلامی تعاون تنظیم کے سیکرٹری جنرل حسین براہم طحہ نے ویڈیو لنک کے ذریعے کانفرنس سے خطاب کیا۔

ڈاکٹر غلام نبی فائی نے واشنگٹن میں جاری ایک بیان میں کہا کہ یہ دعوی غلط نہیں ہوگا کہ مغربی دنیا میں اس وقت بہت سے لوگ اسلام سے خوف کی حالت میں زندگی گزار رہے ہیں۔ تاہم یہ تسلیم کرنے کی ضرورت ہے کہ اسلام کی وجہ سے دنیا کو کوئی خطر ہ نہیں ہے اور یہ سار ا معاملہ تصوراتی ہے۔ڈاکٹر فائی نے اقوام متحدہ میں امریکی نمائندہ لنڈا تھامس گرین فیلڈ کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے اپنے واضح پیغام میں کہاکہ آئیے ہم تعصب اور تشدد کا مقابلہ کرنے کے لیے اپنی کوششوں کو دوگنا کریں، آئیے ہم اس بات کو یقینی بنانے کی ہر ممکن کوشش کریں کہ اگلی بار جب ہم اسلامو فوبیا سے نمٹنے کے عالمی دن کے لیے جمع ہوں تو ہماری دنیا اس سے کہیں زیادہ پرامن، روادار اور انصاف پسند ہو