پاک سعودیہ نئے دور کا آغاز ہوگیا، چند روز میں سعودی وفد پاکستان آئے گا، وزیراعظم

اسلام آباد(صباح نیوز)وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے کہا ہے کہ پاک سعودیہ نئے دور کا آغاز ہوگیا، چند روز میں سعودی وفد پاکستان آئے گا، سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان معاشی شراکت داری مضبوط سے مضبوط تر ہورہی ہے۔منگل کو وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری بیان کے مطابق عالمی اقتصادی فورم کے اجلاس کے بعد سعودی عرب کے دورے کے اختتام پر اپنے بیان میں وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ سعودی عرب اور پاکستان کے دوطرفہ تعلقات اور معاشی شراکت داری کی جہات مضبوط سے مضبوط تر ہورہی ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ آئندہ چند روز میں سعودی عرب کی کاروباری شخصیات کا وفد پاکستان تشریف لارہا ہے، جس سے دونوں ممالک میں معاشی شراکت داری کی رفتار مزید تیز ہوگی۔شہباز شریف نے کہا کہ قیادت کی سطح پر ہونے والی مفاہمت کو عملی شکل دینے کے لیے پوری محنت سے کام کریں گے، پاکستان اور سعودی عرب کی معاشی شراکت داری سے دونوں برادر ممالک کے تعلقات میں ایک نئے دور کا آغاز ہوا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ 2 ماہ کے دوران پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان اعلی ترین سطح پر ریکارڑ وفود کا تبادلہ ہوا ہے، سعودی عرب میں 3 روزہ دورہ تاریخی اہمیت کا حامل ہے، اس دوران نہایت مفید بات چیت ہوئی۔

وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ عالمی اقتصادی فورم میں عالمی رہنماں سے ملاقاتیں ہوئیں، کثیر الجہتی شعبوں میں باہمی تعاون، تجارت وسرمایہ کاری کے فروغ میں مثبت پیش رفت ہوئی۔شہباز شریف نے کہا کہ ورلڈ اکنامک فورم پر واشگاف انداز میں بیان کیا ہے کہ دنیا کو پرامن بنانا ہے تو غزہ میں مستقل امن قائم کرنا ہوگا۔وزیراعظم نے مزید کہا کہ پرتپاک میزبانی اور پاکستان سے پرخلوص محبت پر ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے سعودی وزرا کو پاکستان کے حوالے سے خصوصی ہدایات جاری کیں، اس کے لیے بھی ان کے بے حد شکر گزار ہیں۔وزیراعظم پاکستان نے کہا کہ سعودی عرب کے وزرا کو بھی خراج تحسین پیش کرتا ہوں جنہوں نے قیادت کے درمیان مفاہمت پر عمل درآمد کے لیے بھرپور تیاری کی۔