ایف بی آر کا نان ٹیکس فائلرز کے خلاف بڑا اقدام، سم بلاک کرنے کے احکامات

اسلام آباد(صباح نیوز)فیڈرل بورڈ آف ریونیو(ایف بی آر) نے نان ٹیکس فائلرز کے خلاف بڑا قدم اٹھاتے ہوئے ان کی سم بلاک کرنے کا حکم جاری کردیا۔ ایف بی آر نے انکم ٹیکس کا اہل ہونے کے باوجود ادا نہ کرنے والوں کے خلاف کارروائی کا حکم دیا۔ٹیکس ادا اور فائل نہ کرنے والوں کی سم بلاک کردی جائے گی اور اس سلسلے میں فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے 5 لاکھ 6 ہزار 671 نان ٹیکس فائلرز کا ڈیٹا جاری کردیا۔

ایف بی آر نے یہ احکامات انکم ٹیکس آرڈیننس 2001 کی شق 114 بی کے تحت جاری کیے۔واضح رہے کہ گزشتہ ماہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو نے ٹیکس نیٹ کو وسیع کرنے کے اقدامات کو عملی جامہ پہناتے ہوئے ٹیکس فائل نہ کرنے والے نان فائلرز کی حتمی فہرست مرتب کرنے کا آغاز کردیا تھا۔