ملک کا دشمن ہمارا دشمن ہے، اس کا مقابلہ کریں گے، مراد علی شاہ


کراچی(صباح نیوز)وزیرِاعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ ملک کا دشمن ہمارا دشمن ہے، اس کا مقابلہ کریں گے،کراچی کا امن قانون نفاذ کرنے والے اداروں کے مرہونِ منت ہے۔

کراچی چیمبر کے زیرِ اہتمام مائی کراچی نمائش سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِ اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے کہا کہ نمائش کے شرکاء کو خوش آمدید کہتا ہوں، یہاں سراج تیلی کی کمی محسوس ہو رہی ہے۔انہوںنے کہا کہ عدالت نے 4 مہینے سے فیصلہ محفوظ کر کے رکھا ہے، آج تاریخ تھی، مگر جج صاحب چھٹی پر ہیں اس لیے یہاں آنے کی اجازت ملی، 2 سال سے 100 میگا واٹ بجلی دینے کی سزا بھگت رہا ہوں ۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ 1980 کی افغان وار کا سلسلہ 2010 تک رہا، 2014 میں کراچی دنیا کا چھٹا خطرناک شہر تھا، آج کراچی خطرناک شہروں میں 125 ویں نمبر پر ہے۔انہوں نے کہا کہ کراچی کا امن قانون نفاذ کرنے والے اداروں کے مرہونِ منت ہے، ہم نیشنل ایکشن پلان پر عمل کر رہے ہیں، دہشت گردوں سے ہمارا مقابلہ ہے، کراچی میں نمائشیں اور پی ایس ایل منعقد کرائے ہیں۔

وزیرِاعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے یہ بھی کہا کہ ملک کا دشمن ہمارا دشمن ہے، اس کا مقابلہ کریں گے، حکومت نے پورے ملک کی رونقیں بحال کی ہیں، ڈیجیٹل مردم شماری ہو رہی ہے۔