کراچی (صباح نیوز)الخدمت فاؤنڈیشن کراچی نے گلشن اقبال بلاک 6میں لیبارٹری اور فارمیسی سروسز کا افتتاح کردیا ،جہاں رعائتی نرخوں پر دوائیں اور ٹیسٹ کی سہولتیں فراہم کی جائیںگی۔ لیبارٹری اور فارمیسی سروسز کا افتتاح معروف صنعت کار زاہد سعید نے چیف ایگز یکٹو الخدمت نوید علی بیگ کے ہمراہ کیا۔
اس موقع پرڈائریکٹرالخدمت ڈائیگنوسٹک سروسز پروفیسر عظیم الدین،ڈائریکٹرالخدمت میڈیکل سروسز ڈاکٹر ثاقب انصاری ,ڈائریکٹر الخدمت فارمیسی سروسز سید جمشید احمددیگر ذمہ داران موجود تھے۔دریں اثنا دو روزہ مفت میڈیکل کیمپ بھی منعقد کیا گیا جس میں جنرل امراض کے ماہرڈاکٹرز نے 200سے زائد افرادکا معائنہ کیاجبکہ ہڈیوکا (BMD)شوگر،کولیسٹرول اوروزن) (BMIکا ٹیسٹ کیا گیا ۔لیبارٹری اور فارمیسی سروسز کی افتتاحی تقریب سے خطاب کر تے ہوئے ز اہد سعید کا کہنا تھا کہ سستی اور معیاری ادویات کی فراہمی اور میڈیکل ٹیسٹ کی سہولتیں فراہم کرنا حکومت کی ذمہ داری ہے، تاہم الخدمت نا صرف صحت کی معیاری سہولتیں فراہم کر رہی ہے بلکہ اپنے فارمیسیز اور ڈائیگنوسٹک سینٹرز کے ذریعے عوام کو سستی اور معیاری دوائیں اور معیاری میڈیکل ٹیسٹ کروانے کی سہولت بھی فراہم کر رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کے بہتر ین طبی ماہرین رضاکارانہ طور پر الخدمت کی ہیلتھ کیئر سروس سے منسلک ہو چکے ہیں جس کے باعث الخدمت صحت کی جانب سے فراہم کردہ طبی سہولیات کا عالمی ادارے بھی اعتراف کر رہے ہیں۔ سفید پوش طبقہ الخدمت فارمیسی اینڈ ڈئیگنوسٹک سروسز کی سہولت سے فائدہ اٹھائے ۔چیف ایگزیکٹو الخدمت کراچی نوید علی بیگ کا کہنا تھا کہ ایک جانب الخدمت لوگوں کو بیماریوں سے بچانے کیلئے صاف پانی کے منصوبے چلا رہی ہے اور دوسری جانب مریضوں کے علاج کیلئے بھی صحت کے بڑے منصوبے شروع کر دیے ہیں۔الخدمت کراچی اس وقت صاف پانی فراہم کرنے کیلئے58فلٹر یشن پلانٹ چلا رہی ہے، جہاں پر ڈیڑھ روپے لیٹر میں پینے کا صاف پانی فراہم کیا جارہا ہے۔
دوسری جانب کراچی بھر میں الخدمت کے ہسپتال لیبارٹری اور فارمیسی سروسز کے ذریعے مریضوں کو نہایت بہت کم قیمت پر صحت کی معیاری سہولیات بشمول لیبارٹری ٹیسٹ اور ادویات فراہم کی جارہی ہیں۔الخدمت فارمیسی سروسز کے انچارج سید جمشید احمد کا کہنا تھا کہ کسی بھی مریض کے علاج میں دوا کا عنصر نہایت اہمیت کا حامل ہوتا ہے۔اگر ڈاکٹر کے مشورے اور میڈیکل ٹیسٹ کے بعد معیاری دوا نہ ملے تو مریض ٹھیک ہونے کی بجائے موت کے منہ میں چلا جاتا ہے۔پاکستان میں جعلی دواؤں کی بھرمار ہے جس سے بچنے کا بہترین راستہ اچھی شہرت کی حامل فارمیسی سروسز سے دوا کا حصول ہے۔