گیس اور بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا فیصلہ تسلیم نہیں کرتے۔ عبدالواسع

پشاور(صباح نیوز)جماعت اسلامی خیبرپختونخوا کے قائم مقام امیر عبدالواسع نے گیس کی قیمتوں میں 124 فیصد تک اضافے کے وفاقی حکومت کے فیصلے اور صوبے بھر میں گیس کی بدترین لوڈ شیڈنگ کی شدید مذمت کی ہے۔

گیس اور بجلی کی قیمتوں میں اضافے کا فیصلہ تسلیم نہیں کرتے۔ ہمارا صوبہ 42 فصد گیس پیدا کرتا ہے لیکن یہاں کے عوام گیس سے محروم بھی ہیں اور بدترین لوڈ شیڈنگ کی وجہ سے ذہنی اذیت کا بھی شکار ہیں۔ صوبے میں جاری گیس کی لوڈ شیڈنگ ختم کی جائے۔

المرکز الاسلامی پشاور سے جاری کیے گئے بیان میں قائم مقام امیر صوبہ عبدالواسع کا مزید کہنا تھا کہ عوام پہلے ہی مہنگائی سے بدحال تھے، اب آئی ایم ایف کے حکم پر گیس اور بجلی سمیت ہر چیز مہنگی کی جا رہی ہے۔ آئی ایم ایف کو خوش کرنے کے لیے مِنی بجٹ کی صورت میں عوام پر ایک اور بم گرا دیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ صوبے میں گیس کی لوڈ شیڈنگ کسی صورت قبول نہیں، گیس پریشر کی کمی اور لوڈ شیڈنگ سے عوام پریشان ہیں۔ حکومت اب گیس بھی دوائی کی طرح تین وقت دیتی ہے۔ یہ سراسر نا انصافی اور ظلم ہے۔

انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت صوبوں کے وسائل پر قابض ہے، مسائل صوبوں کے حوالے کردیے اور وسائل اپنے پاس رکھ لیے۔ صوبے کے وسائل وفاق کے پاس نہیں رہنے دیں گے۔ حقوق کے حصول کے لیے احتجاج کریں گے۔