وزیراعظم کا وکی پیڈیا فوری بحال کرنے کا حکم، 5 رکنی کمیٹی بھی بنادی

 اسلام آباد(صباح نیوز)وزیراعظم شہباز شریف نے پی ٹی اے کی جانب سے معروف ویب سائٹ وکی پیڈیا کی معطلی کا نوٹس لے ہوئے اسی فوری طور پر بحال کرنے کی ہدایت کردی، ساتھ ہی معاملے پر 5 رکنی کمیٹی بھی بنادی۔پاکستان ٹیلی کام اتھارٹی نے گزشتہ دنوں معروف معلوماتی ویب سائٹ وکی پیڈیا کو قابل اعتراض مواد نہ ہٹانے پر معطل کردیا تھا۔

وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ کمیٹی میں وزیر قانون، وزیر اطلاعات، وزیر تجارت اوروزیر مواصلات بھی شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آن لائن مواد کو ابھی دیکھا جائے گا،وزیراعظم شہباز شریف نے مختلف طبقات کی جانب سے اس اقدام پر اعتراض اٹھائے جانے کے بعد معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے وکی پیڈیا کی سروسز فوری بحال کرنے کی ہدایت کردی۔

وزیراعظم کی قائم کردہ کمیٹی وکی پیڈیا اور دیگر ویب سائٹس سے قابل اعتراض مواد ہٹانے کے متبادل اقدامات اور غیرقانونی آن لائن مواد پر متوازن طریقے سے قابو پانے کی تجاویز بھی دے گی۔اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ وزیراعظم کی قائم کردہ خصوصی کمیٹی ماہرین کی خدمات بھی حاصل کر سکے گی۔وزیر قانون کی سربراہی میں کمیٹی نے ویب سائٹ بلاک کرنے کی ابتدائی تحقیقات کی تھیں، اپنی رپورٹ میں انہوں نے کہا تھا کہ وکی پیڈیا انتہائی کارآمد ویب سائٹ ہے ۔۔