وفاقی وزیر خزانہ کاپاکستان اور جاپان کے درمیان دوطرفہ اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو مزیدمضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ

اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیر خزانہ ومحصولات سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے پاکستان اور جاپان کے درمیان دوطرفہ اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو بڑھانے اور اسے مزیدمضبوط بنانے کے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا ہے ۔

انہوں نے پاکستان میں جاپان کے سفیر واڈا مٹسوہیرو سے ملاقات میں کہی۔وزیر خزانہ نے جاپان کے سفیر کا پرتپاک خیرمقدم کیا اور پاکستان اور جاپان کے درمیان خوشگوار تعلقات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور جاپان کے درمیان اچھے دوستانہ تعلقات قائم ہیں جو ہر گزرتے دن کے ساتھ مزید مضبوط ہو رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ جاپان پاکستان کے بڑے ترقیاتی شراکت داروں میں سے ایک ہے اور وہ اس بات پر پختہ یقین رکھتے ہیں کہ دونوں ممالک کے باہمی فائدے کے لیے متعدد شعبوں میں تعاون مستقبل میں مزید مضبوط ہوگا۔ وزیر خزانہ نے معاشی چیلنجز کا مختصر جائزہ پیش کیا اور معاملات کو درست سمت میں لانے کے لیے حکومت کی معاشی پالیسیوں اور اصلاحات سے آگاہ کیا۔

انہوں نے پاکستان اور جاپان کے درمیان دوطرفہ اقتصادی اور تجارتی تعلقات کو بڑھانے اور مضبوط بنانے کے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔جاپان کے سفیر نے کہا کہ جاپان پاکستان کے ساتھ اپنے دوطرفہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے۔ انہوں نے وزیر خزانہ کو پاکستان میں جاپانی اداروں کے آپریشنز کے بارے میں بتایا اور کاروباری اور سرمایہ کاری کے تعلقات کو بڑھانے کے لیے کام کرنے کے اپنے عزم کا اظہار کیا۔

انہوں نے موجودہ حکومت کی معاشی پالیسیوں پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی اور اقتصادی روابط مزید مضبوط ہوں گے۔ ملاقات میں وزیر خزانہ کے فروری کے مہینے میں مجوزہ دورہ جاپان پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔وزیر خزانہ نے سفیر کی حمایت پر شکریہ ادا کیا اور دونوں ممالک کے درمیان تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو بہتر بنانے میں اپنے تعاون کا یقین دلایا ۔