قیمتوں میں اضافے کے باوجود پیٹرول، ڈیزل عوام کی پہنچ سے دور


اسلام آباد(صباح نیوز) پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑے اضافے کے باوجود پیٹرول، ڈیزل عوام کی پہنچ سے دور ہوگیا، تیل کمپنیوں نے روپے کی قدر کا بہانہ بنا کر سپلائی انتہائی محدود کردی۔

ریفائنریز کی نمائندہ تنظیم دی آئل کمپنیز ایڈوائزری کونسل (او سی اے سی)نے حکومت کو خط لکھ کر اپیل کی ہے کہ انڈسٹری تباہی کے دہانے پر پہنچ گئی ہے حکومت فی الفور اقدامات کرے۔ او سی اے سی کی جانب سے لکھے گئے خط میں کہا گیا ہے کہ روپے کی قدر میں کمی سے آئل انڈسٹری کو اربوں روپے کو نقصان ہوا، ایل سیز کے نئے ریٹس اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑا فرق ہے۔

تنظیم نے خط میں استدعا کی کہ اوگرا روپے کی قدر میں کمی پورا اثر صارفین پر ڈالنے کی اجازت نہیں دے رہا، اوگرا ایکسچینج ریٹ کا فرق عوام پر ایک ہی بار منتقل کرنے کی اجازت دے۔