کراچی(صباح نیوز) انٹربینک میں روپے کی قدر حال ہی میں ریکارڈ کم ترین سطح پر پہنچنے کے بعد ڈالر کی قیمت میں 4 روپے 43 پیسے کمی آگئی ہے۔
انٹربینک مارکیٹ میں صبح 11 بج کر 15 منٹ پر ڈالر 265.2 روپے پر ٹریڈ ہو اجو کہ گزشتہ روز 269.63 روپے پر بند ہوا تھا، یہ روپے کی قدر میں 1.64 فیصد اضافہ ظاہر کرتا ہے۔ اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی خرید و فروخت 276 روپے میں جاری ہے۔
ٹریس مارک کی سربراہ اسٹریٹجی کومل منصور نے کہا کہ برآمد کنندگان نے اپنی آمدنی میں سے کچھ کو آف لوڈ (باہر روکے ہوئے ڈالر ملک میں لانا شروع)کر دیا ہے جس کی وجہ سے روپے کی قدر میں اضافے ہوا ہے۔
سربراہ الفا بیٹا کور خرم شہزاد نے کہا کہ ایسا معلوم ہوتا ہے کہ حکومت کی جانب سے ڈالر ریٹ پر کیپ ہٹانے کے بعد ترسیلات زر اور برآمدات میں اضافہ ہونا شروع ہو گیا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ نویں جائزے پر بات چیت کے لیے عالمی مالیاتی فنڈ(آئی ایم ایف)کے وفد کی پاکستان آمد سے بھی مارکیٹ میں کچھ اعتماد بحال ہوا ہو گا۔