جنوری میں کٹھ پتلی کو گھر بھیج دیں گے، بلاول بھٹو زرداری

screen short

غذر:پاکستان پیپلز پارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری  نے اس یقین کا اظہار کیا ہے کہ  جنوری میں اسلام آباد پہنچ کر کٹھ پتلی اور ظالم وزیر اعظم کو گھر بھیج دیں گے،کٹھ پتلی، نااہل اور ظالم وزیر اعظم چلے جائیں گے ،  تاریخی بے روزگاری ہے اور ملک کا ہر طبقہ احتجاج کر رہا ہے  یہ عوام کو ریلیف نہیں تکلیف دیتے ہیں، یہ صرف امیروں کو ریلیف دیتے ہیں،سنا ہے  کہ گلگت بلتستان   میں ایک وزیر یہاں ووٹ خریدنے آئے ہیں لیکن عوام بکنے والے نہیں ۔

گلگت بلتستان کے ضلع غذر میں پیپلز پارٹی کے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی شہیدوں کی جماعت ہے تو غذر شہیدوں کی سرزمین ہے، غذر کے عوام نے ملک کی خاطر اپنی جانیں قربان کیں، آپ کی حقوق کی جدوجہد آج کی نہیں، آپ مسلسل اس جدوجہد کو آگے لے کر چل رہے ہیں، اس تحریک میں جیالوں کا خون شامل ہے، جب غذر کے عوام نے شہادتیں دیں تو ان کا حق ہے کہ ان کی قسمت کا فیصلہ وہ خود کریں۔

انہوں نے پی ٹی آئی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں کو نظر آرہا ہے کہ آپ نے پاکستان کے ساتھ کیا کیا، اس حکومت نے مہنگائی اور بیروزگاری میں اضافہ کیا، عوام احتجاج کر رہے ہیں، تاریخی بے روزگاری ہے اور ملک کا ہر طبقہ احتجاج کر رہا ہے ہم عوام کو ریلیف دیتے ہیں، یہ تکلیف دیتے ہیں، یہ صرف امیروں کو ریلیف دیتے ہیں اور ان کے لیے ایمنسٹی اسکیم لے کر آتے ہیں، پاکستان پیپلز پارٹی نے تنخواہوں میں 150 فیصد اضافہ کیا، پیپلز پارٹی نے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام شروع کیا، پینشن کی مد میں 100 فیصد اضافہ کیا اور سرحدوں کی حفاظت کرنے والوں کی تنخواہوں میں 175 فیصد تک اضافہ کیا۔

گلگت بلتستان کو صوبہ بنانے کے حوالے سے بلاول بھٹو نے کہا کہ اشاروں پر چلنے والے بھی آپ کی بات مان چکے ہیں اور گلگت بلتستان کو صوبہ بنانے کی بات کر رہے ہیں، ان سے پوچھیں ان کے منشور میں صوبے کی بات کیوں نہیں، اگر گلگت بلتستان کو صوبہ بنانا ہے تو سپریم کورٹ سے پٹیشن واپس لو، جبکہ پیپلز پارٹی کی گلگت بلتستان کو صوبے کا درجہ دلائے گی۔

انہوں نے کہا کہ سنا ہے ایک وزیر یہاں ووٹ خریدنے آئے ہیں لیکن گلگت بلتستان کے عوام بکنے والے نہیں، آپ پیسے ان سے لیں لیکن ووٹ پیپلز پارٹی کو دیں اور ذوالفقار علی بھٹو اور بینظیر بھٹو کے مشن کو پورا کرنے کا موقع دیں۔چیئرمین پیپلز پارٹی نے ایک بار پھر تحریک انصاف کی حکومت کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ میں جانتا ہوں کہ اگر شہیدوں کے سرزمین کے عوام ہمارے ساتھ ہیں تو کوئی طاقت ہمارا راستہ نہیں روک سکتی، ہم نہ صرف پیپلز پارٹی کو یہاں سے جتوا کر کٹھ پتلی کو ناکام کریں گے بلکہ جنوری میں اسلام آباد پہنچ رہے ہیں اور کٹھ پتلی، نااہل اور ظالم وزیر اعظم کو گھر بھیج دیں گے ۔