قیمتوں میں اضافے سے مہنگائی کا بدترین طوفان آئے گا، اضافہ مسترد کرتے ہیں
حکومت جیتے جی عوام کو مارنا چاہتی ہے، اسحاق ڈار نے معیشت اللہ اور ملک آئی ایم ایف کے حوالے کردیا،امیر جماعت اسلامی خیبرپختونخوا
پولیس لائن پشاور میں ہونے والے خود کش دھماکے کی بھی شدید الفاظ میں مذمت، اسے سیکورٹی لیپس قرار دیا
پشاور (صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی خیبرپختونخوا پروفیسر محمد ابراہیم خان نے کہا ہے کہ پٹرول اور ڈیزل کی فی لٹر قیمتوں میں 35، 35 روپے کا اضافہ ظالمانہ اقدام ہے۔ قیمتوں میں اضافے سے مہنگائی کا بدترین طوفان آئے گا، اضافہ مسترد کرتے ہیں۔ حکومت جیتے جی عوام کو مارنا چاہتی ہے، اسحاق ڈار نے معیشت اللہ اور ملک آئی ایم ایف کے حوالے کردیا۔ حکمران عوام کو اس پر مجبور نہ کریں کہ ان کا ہاتھ حکمرانوں کے گریبان پر پڑے۔ حکمران ہوش کے ناخن لیں۔ اپنی شاہ خرچیاں کم کریں اور عوام کو جینے دیں۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے المرکز الاسلامی پشاور سے جاری کیے گئے بیان میں کیا۔ پروفیسر محمد ابراہیم خان نے کہا کہ وزیر خزانہ کہتے ہیں کہ گزشتہ حکومت کی مچائی تباہی کو چھ ماہ میں بہتر نہیں کرسکتے۔ ہم پوچھتے ہیں عمران حکومت کی تباہی اپنے ہاتھ میں لے کر آگے بڑھانے کا تمہیں کس نے کہا تھا؟ یہ کام تو وہ خود بھی کر رہا تھا۔ ثابت ہوا کہ عمران خان، شہباز شریف اور اسحاق ڈار سبھی نکمے اور چور ہیں۔ حکمران عوام کا مینڈیٹ عوام کو واپس کریں تاکہ وہ اپنے مستقبل کے حقیقی نمائندوں کا انتخاب کریں۔
پروفیسر محمد ابراہیم خان نے پولیس لائن پشاور میں ہونے والے خود کش دھماکے کی بھی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے اسے سیکورٹی لیپس قرار دیا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ واقعہ کی آزادانہ تحقیقات کی جائیں کہ اتنے حساس علاقے میں خود کش حملہ آور داخل کیسے ہوگیا۔ انہوں نے دھماکے میں جاں بحق ہونے والوں کی مغفرت اور پسماندگان کے لیے صبر جمیل کی دعا کی۔ پروفیسر محمد ابراہیم خان نے دھماکے کے زخمیوں کی جلد صحتیابی کی بھی دعا کی