کراچی/حیدرآباد(اسٹاف رپورٹر)29 جنوری 2023 امیر جماعت اسلامی سندھ و سابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف اور ورلڈبنک کی ڈکٹیشن و قرضوں کی معیشت نے عوام کو بدحال اور ملک کو تباہی کے دہانی پر پہنچا دیا ہے،یک مشت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافہ عوام پر ظلم اور زندہ رہنے کا حق بھی چھیننے کے مترادف ہے۔ ملکی خسارے کا سارا بوجھ عوام پر ڈالنے کی بجائے حکمراں ٹولا اپنی عیاشی ختم اور سادگی و کفایت شعاری کی پالیسی اپناکر ملک کو مزید بحران سے بچائے۔ سودی معیشت کے خاتمے اسلامی نظام کے نفاذ میں ہی تمام مسائل کا حل ہے۔انتخابات میں ہار جیت اس کھیل کا حصہ ہے، میدان میں اترنا اور ڈٹ کر کھڑا رہنا بہت بڑا کام ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے حیدرآباد میں ذمے داران و بلدیاتی امیدواران کے جائزہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ امیر ضلع عقیل احمد خان، قیم عدنان دانش،نائب امیر عبدالقیوم، نائب قیم صوبہ حافظ طاہرمجید اور سیکرٹری اطلاعات مجاہد چنا سمیت دیگر بھی ساتھ موجود تھے۔ امیر صوبہ نے منتخب بلدیاتی نمائندوں کو مبارکباد دیتے ہوئے کہاکہ ہر کھیل میں ہار سے ہی جیت کا راستہ بنتا ہے۔ہار جیت اس کھیل کا حصہ ہے جیتنے سے پھول اور اللہ کو بھولنا نہیں چاہئے بلکہ اللہ کے انعامات کا شکر و عاجزی اختیار کرنی چاہئے۔
انہوں نے ذمے داران پر زور دیاکہ وہ رابطہ عوام مہم کو تیز کرکے ان تک جماعت اسلامی کی دعوت و پیغام کو عام کریں۔دریں اثناء صوبائی امیر محمد حسین محنتی نے مقامی شادی ہال میں منعقدہ جے آئی یوتھ سندھ کے رہنما محمد عرفان قائمخانی کے دعوت ولیمہ میں بھی شرکت اور ان کو مبارکباد دی۔ مرکزی نائب امیر ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی ، جے ائی یوتھ سندھ کے صدر ڈاکٹر امتیاز پالاری، جنرل سیکرٹری فیصل غفور سمیت قریبی اضلاع سمیت مقامی احباب نے بھرپور شرکت کی۔