برطانیہ ، کورونا کی نئی قسم اومی کرون کے کیسز میں اضافہ ہونے لگا


لندن(صباح نیوز) برطانیہ میں کورونا وائرس کی نئی قسم اومی کرون کے کیسز میں اضافہ ہونے لگا ۔ سائنسدانوں نے خبر دار کیا ہے کہ اگر پابندیاں نہ لگائی گئیں تو جنوری میں ملک اومی کرون کی بڑی لہر کی زد میں ہوگا۔کورونا وائرس کی نئی قسم اومی کرون برطانیہ میں تیزی سے پھیلنے لگی۔

برٹش منسٹر مائیکل گوو کے مطابق دارالحکومت لندن میں 30 فیصد کورونا مریضوں اومی کرون وائرس پایا گیا ۔

سائنسدانوں نے کہا کہ اگر ملک میں مزید پابندیاں نہ لگائیں گئیں تو جنوری میں اومی کرون کی بڑی لہر پھیلنے کا خدشہ ہے۔ اپریل کے آخر تک کورونا کی نئی قسم سے اموات کی تعداد25000 سے 75000 تک جا سکتی ہے۔سائنسدانوں نے کہا کہ اموات کی تعداد اس بات پر منحصر ہوگی کہ ویکسین نئے ویرینٹ کے خلاف کس حد تک موثر ثابت ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ویکسینیٹڈ افراد کے اومی کرون سے متاثر ہونے کے امکانات کم ہیں۔محکمہ صحت کے حکام کے مطابق اومی کرون دسمبر کے وسط تک برطانیہ میں سب سے زیادہ پایا جانے والا وائرس بن سکتا ہے۔

سکاٹش فرسٹ منسٹر نکولا اسٹروجن نے برطانیہ میں اومی کرون کے بڑے پیمانے پر پھیلائوکو  انفیکشن کا سونامی  قرار دیتے ہوئے اس سے خبردار کیا ہے۔برطانیہ میں نئے کورونا مریضوں کی تعداد گیارہ ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی ۔