پشاور(صباح نیوز)سویڈ ن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے خلاف جماعت اسلامی ضلع پشاور کے زیر اہتمام مسجد مہابت خان سے جمعہ کے روز احتجاجی ریلی نکالی گئی جس میں جماعت اسلامی کے کارکنان کے علاوہ پشاور بھر سے مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے افراد نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔
ریلی کی قیادت ہدایت اللہ خان جنرل سیکرٹری جماعت اسلامی پشاور،سابق صوبائی وزیر حافظ حشمت اور سراج الدین قریشی کر رہے تھے ۔انہوں نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کے واقعہ سے ڈیڑھ ارب سے زیادہ مسلمانوں کی دل آزاری ہوئی ہے جبکہ سویڈن میں ہونے والا واقعہ مسلمانوں کے لئے انتہائی تکلیف دہ ہے تاہم او آئی سی ،اقوام متحدہ اور مسلم دنیا کے حکمران ان واقعات کی روک تھام کیلئے فوری ایکشن لیں اور عالمی سطح پر ایسا قانون بنایا جائے جس سے اسلام اور دیگر مذاہب کے خلاف کسی کو ہرزہ سرائی کی جرات نہ ہو ۔
مقررین نے سویڈن میں قرآن کریم کی بے حرمتی کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ قرآن کریم کی توہین ہمارے لئے ناقابل برداشت ہے ۔ حکومت پاکستان سویڈن کے سفیر کو طلب کر کے پاکستانی عوام کے شدید احتجاج سے آگاہ کرے کیونکہ سویڈن میں آزادی اظہار رائے کے نام پر قرآن مجید کو نذر آتش کرنے کا واقعہ قابل مذمت ہونے کے ساتھ قابل نفرت بھی ہے جبکہ او آئی سی سمیت تمام اسلامی ممالک ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے بھرپور کردار ادا کریں کیونکہ مقدس ہستیوں اور کتب کی توہین کرنابدترین دہشت گردی ہے ۔
انہوں نے مزید کہا کہ کفر کی طاغوتی قوتیں اسلامو فوبیا میں مبتلا ہیں انہیں اس فوبیا سے نکالنے کیلئے اقوام عالم کو کردار ادا کرنا چاہیے ۔ اس طرح کے دلخراش واقعا ت پر کسی طور خاموش نہیں بیٹھ سکتے ۔اگر اب بھی آواز بلند نہ کی گئی تو پھر دوبارہ کوئی بھی اس طرح کی مذموم حرکت کی کوشش کرے گا لہذا تمام مسلم امہ متحد ہو کر اس کے خلاف آواز بلند کرے اور معاملہ اقوام متحدہ سمیت او آئی سی میں پیش کیا جائے ۔
انہوں نے کہا کہ روز اول سے دشمنان اسلام کی تمام تر کوششوں کے باوجود قرآن پاک میں نہ ہی معمولی سا ردوبدل کیا جا سکا اور نہ ہی اس کی عظمت پر کوئی آنچ آسکی جو اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ اس کتاب مقدس کو اللہ تعالیٰ نے خصوصی تحفظ دیا ہوا ہے لہذا اس کی توہین کی کوشش کرنے والوں کا مقدر ذلت اور رسوائی کے سوا کچھ نہ ہو گا۔سویڈن نے اپنی مذموم جسارت سے مسلم امہ کی دینی غیرت کو للکارا ہے اور ہم اس واقعہ کو مسلم امہ کے خلاف غیر مسلموں کی سوچی سمجھی سازش قرار دیتے ہیں۔ مظاہرین نے سویڈن کے خلاف شدید نعرہ بازی کی اور سویڈن کا جھنڈا اور ملعون کا پتلا بھی نذر آتش کیا ۔