چارسدہ (صباح نیوز)خیبر پختونخوا کے ضلع چارسدہ میں ڈھیری زرداد پولیس چوکی پر دہشت گردوں کے حملے میں2 اہلکار شہید ہوگئے۔
ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر (ڈی پی او) چارسدہ کے مطابق پولیس چوکی پر دہشت گردوں نے فائرنگ کی جس کے نتیجے میں 3 اہلکار زخمی ہوئے جنہیں اسپتال منتقل کیا گیا۔ڈی پی او نے بتایا کہ زخمیوں میں سے 2 پولیس اہلکار دم توڑ گئے جبکہ ایک زخمی اہلکار اسپتال میں زیر علاج ہے ۔پولیس کے مطابق شہید ہونے والے اہلکاروں میں رمیز اور عمران شامل ہیں، جبکہ ایک زخمی پولیس اہلکار ڈی ایچ کیو ہسپتال میں زیر علاج ہے۔
پولیس کے جوابی فائرنگ سے ایک حملہ آور کے زخمی ہونے کی اطلاع ہے جس کی تلاش کے لئے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے،خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں حالیہ دہشت گردی کے واقعات میں پولیس و سکیورٹی اہلکاروں سمیت درجنوں افراد شہید اور کئی زخمی ہوئے ہیں، قانون نافذ کرنے والے اداروں کی بھرپور جوابی کارروائی میں بڑی تعداد میں دہشت گرد مارے گئے۔ بیشتر دہشت گردوں نے ہتھیار ڈال کر خود کو سکیورٹی اہلکاروں کے حوالے کیا ہے۔