پشاور(صباح نیوز)جماعت اسلامی نے پشاور میٹروپولیٹن اور تحصیلوں کے لیے اپنے اْمیدواروں کا اعلان کردیا۔پشاور میٹروپولیٹن کے ڈپٹی میئر کے لیے ریزرو سیٹ پر ناصرہ عبادت اْمیدوار ہونگی جبکہ تحصیل شاہ عالم کے لیے چیئرمین اقبال خان، تحصیل چمکنی کے لیے چیئرمین ظاہر اللہ، تحصیل بڈھ بیر کے لیے چیئرمین لطیف خان، تحصیل متھرا کے لیے چیئرمین رحمت اللہ اور تحصیل حسن خیل کے لیے چیئرمین شاہ نواز ہونگے۔
ان خیالات کا اظہار جماعت اسلامی کے پارلیمانی لیڈر برائے میٹروپولیٹن پشاور طاہرزرین نے پشاور پریس کلب میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر نائب امیر جماعت اسلامی پشاور وسابق صوبائی وزیر کاشف اعظم چشتی، سابق ناظم حیات آباد انجینئر عثمان خان، جماعت اسلامی پشاور کے منتخب چیئرمین بھی موجود تھے۔انہوں نے کہا کہ آ ج سے ایک سال پہلے پورے صوبے اور پشاور میں میئر اور بلدیاتی الیکشن کا انعقاد ہوالیکن ایک سال گزرنے کے باوجود اب تک ضلعی کو نسل مکمل نہیں اور ہاوس کنوینر (ڈپٹی مئیر) کا انتخاب نہیں ہواتاہم اب 25جنوری 2023کو تمام تحصیلوں اور میٹرو پولیٹن کے ڈپٹی میئر کے الیکشن کا انعقاد ہورہا ہے۔
میٹرو پولیٹن کونسل پشاور میں 65کے قریب Reserveسیٹ پر ممبران منتخب ہوئے ہیں جس میں 42خواتین ممبران ہیں لہٰذا جما عت اسلامی ضلع پشاور کی تنظیم اور پالیمانی پارٹی نے نا صرہ عبا دت کو ڈپٹی میئر پشاو ر کی پوسٹ کے لئے نامزد کیا ہے۔ تمام صوبے کے بلدیاتی اداروں کے منتخب سربراہان میں خواتین کی کوئی نمائندگی نہیں ہے لہٰذا خواتین جو کہ ہماری آبادی کا 50فیصد سے زیا دہ حصہ ہے اس لئے جما عت اسلامی نے خواتین کو بلدیاتی نظام اْمور میں نما ئندگی کے لئے ایک منتخب خاتون ممبر ناصرہ عبادت کا انتخاب کیا ہے ہمیں اْمید ہے ضلع کونسل میں موجود دیگر خواتین ممبران ان کی حمایت کریں گی اور ان کو منتخب کرانے میں بھر پور کردار ادا کریں گی اور کوشش کریں گی کہ بلدیاتی نظام میں خواتین کی بھی نمائندگی ہو۔
جماعت اسلامی نے تحصیل شاہ عالم کے لئے چیئر مین اقبال خان ،تحصیل چمکنی کے لئے چیئر مین ظہیر اللہ، تحصیل بڈھ بیر کے لئے چیئر مین لطیف خان ،تحصیل متھرا کے لئے چیئر مین رحمت اللہ،تحصیل حسن خیل کے لئے چیئر مین شاہ نواز کو کنونیئر تحصیل کونسل کے لئے نامزد کیا ہے۔