وفاقی وزیر بحری امور فیصل سبزواری کا بندرگاہوں پر پھنسے کنٹینرز پر عائد جرمانے معاف کرنے کا اعلان

کراچی(صباح نیوز)وفاقی حکومت نے موجودہ صورتحال میں بندرگاہوں پر پھنسے کنٹینرز پر عائد جرمانے معاف کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ وفاقی وزیر بحری امور فیصل سبزواری کہتے ہیں کہ ٹرمینلز کی جانب سے عائد جرمانوں میں بھی خاطر خواہ کمی کی کوشش کی جائے گی۔

وفاقی وزیر بحری امور سینیٹر فیصل سبزواری نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں بتایا ہے کہ حکومت نے نے موجودہ صورتحال میں درپیش مشکلات کے باعث بندرگاہوں پر پھنسے کنٹینرز کے جرمانے معاف کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ ٹرمینلز کی جانب سے عائد جرمانوں میں بھی خاطرخواہ کمی کی کوشش کی جائے گی، کاروباری طبقے کیلئے آسانیاں پیدا کرکے ہی معیشت میں استحکام لایا جاسکتا ہے۔

فیصل سبزواری نے مزید کہا کہ کاروباری برادری سے ملاقات کرکے مزید اقدامات پر مشاورت کریں گے۔ واضح رہے کہ ڈالر کی قیمت میں غیر معمولی اتار چڑھائو کے باعث اسٹیٹ بینک آف پاکستان کی جانب سے ایل سیز نہ کھولنے کے نتیجے میں بندرگاہ پر ہزاروں کی تعداد میں کنٹینرز پھنسے ہوئے۔