اسلام آباد(صباح نیوز)پاکستان روس بین الحکومتی کمیشن کے دوسرے روز کے مذاکرات مکمل ہوگئے، پروٹوکول کے مسودے کو اتفاق رائے کے بعد حتمی شکل دے دی گئی، معاہدوں پر دستخط آج جمعہ کو ہونگے۔پاکستان اور روس بین الحکومتی کمیشن کے آٹھویں اجلاس کے دوسرے روز کے مذاکرات بھی کامیابی پر ختم ہوگئے۔ وزارت اقتصادی امور کے اعلامیے کے مطابق تکنیکی مشاورت سے پروٹوکول کا حتمی مسودہ تیار کرلیا گیا۔
رپورٹ کے مطابق دستخط کیلئے معاہدوں کے مسودے پر اتفاق رائے ہوگیا، توانائی، تیل و گیس سمیت کئی شعبوں میں تعاون کیلئے ورکنگ گروپس قائم کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔روسی وفد نے کہا کہ توانائی کے شعبے میں دونوں ملک مل کر آگے بڑھیں گے۔ پاکستان کو سائنس و ٹیکنالوجی اور تحقیق کے شعبے میں روسی تجربے سے استفادے کی پیشکش بھی کردی۔وزارت پیٹرولیم حکام کے مطابق اسٹریٹجک یونٹ نے روس سے حتمی معاہدے کا پلان تیار کرلیا، خام تیل سے زیادہ تیار روسی پیٹرول اور ڈیزل پر فوری معاہدہ ترجیح قرار دیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق پاکستان اور روس کے درمیان مذاکرات کے تیسرے روز وزرا کی سطح پر بات چیت ہوگی۔ اسٹریم گیس پائپ لائن، ٹرانسپورٹیشن، ریفائنزیز اپ گریڈیشن اور پاکستان میں روسی ریفائنریز کے قیام پر لائحہ طے کیا جائے گا۔دونوں ممالک میں بین الاقوامی پابندیوں سے بچتے ہوئے تجارتی ادائیگیوں کے انفرا اسٹرکچر پر بھی بات ہوگی۔علاوہ ازیں وزیراعظم سے روسی وزیر توانائی کی قیادت میں 9 رکنی وفد نے لاہور میں ملاقات کی، وفد کا استقبال خود شہباز شریف نے کیا۔ کہا کہ روس کے ساتھ تعلقات کو پاکستان قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔یہ بھی بتایا کہ ملک میں معیشت کی بحالی کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھائے جارہے ہیں ۔