اسلام آباد(صباح نیوز) بلوچستان کے بعد خیبر پختونخوا میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے ہیں،زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 5.6 ریکارڈ کی گئی۔
پشاور سمیت خیبر پختونخوا کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کئے گئے ہیں۔ جن علاقوں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے ان میں کوہاٹ، مانسہرہ، چترال، اٹک، دیر بالا، ایبٹ آباد، چارسدہ اورصوابی بھی شامل ہیں۔اس کے علاوہ سوات، نوشہرہ، شب قدر، شمالی وزیرستان، لوئر دیر، بنوں بٹگرام اور مہمند میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے ہیں۔
قومی زلزلہ پیما مرکز کے مطابق زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 5.6 ریکارڈ کی گئی۔ زلزلے کا مرکز چترال سے 37 کلومیٹر دور مغرب کی جانب سے تھا ، اس کی گہرائی زیر زمین 190 کلو میٹر تھی۔ زلزلے کے جھٹکے محسوس ہوتے ہوئے لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں اور دفاتر سے باہر نکل آئے۔
واضح رہے کہ جمعرات کی صبح 6 بج کر 19 منٹ پر بلوچستان کے ضلع خاران میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے تھے۔ جس کی ریکٹر اسکیل پر شدت 3 اعشاریہ 7 شدت ریکارڈ کی گئی۔