پشاور(صباح نیوز) امیر جماعت اسلامی خیبرپختونخوا پروفیسر محمد ابراہیم خان نے کہا ہے کہ کراچی کے عوام نے جماعت اسلامی پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ پیپلز پارٹی عوامی مینڈیٹ اور اعتماد کا احترام کرے۔ کراچی کے بلدیاتی انتخابات کو پاکستان میں مروجہ پولرائیزیشن کی سیاست کی نذر نہ ہونے دیا جائے۔ جماعت اسلامی نمبر ون ہے۔ پیپلز پارٹی ضد اور انانیت چھوڑ کر جماعت اسلامی کی اکثریت کو دل سے تسلیم کرے۔ حافظ نعیم الرحمن یہ اعلان کر چکے ہیں کہ مئیر کی حیثیت سے سب جماعتوں کو ساتھ لے کر کراچی کو امن اور ترقی کی مثال بنائیں گے۔ کراچی کے میئر حافظ نعیم الرحمن ہی ہوں گے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسلام آباد میں جماعت اسلامی ضلع ایبٹ آباد کے گرینڈ ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ورکرز کنونشن میں جماعت اسلامی ایبٹ آباد کے امیر عبد الرزاق عباسی سمیت دیگر ذمہ داران موجود تھے۔ پروفیسر محمد ابراہیم خان نے کہا کہ کراچی کے عوام گزشتہ کئی برسوں سے مشکلات کا شکار ہیں۔ یہاں کے منتخب نمائندوں نے بھی عوامی مشکلات کے حل کے لیے کوئی کوشش نہیں کی تاہم حافظ نعیم الرحمن اور جماعت اسلامی کی صورت میں کراچی کے عوام کو اپنا مسیحا نظر آیا اور ان پر اعتماد کا اظہار کیا لیکن پیپلز پارٹی نے نتائج تبدیل کردیئے جو عوامی مینڈیٹ پر ڈاکا ڈالنے کے مترادف ہے۔
انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی ہٹ دھرمی چھوڑ دے اور کراچی کے وسیع تر مفاد کے لیے حافظ نعیم الرحمن کو میئر تسلیم کرے اور کراچی کی خوشحالی میں اپنا کردار ادا کرے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو ایسا حکمران نصیب نہ ہوسکا جو اس کی ترقی اور خوشحالی کے بارے میں سوچ سکے۔ یہاں جس کو بھی حکومت ملی اس نے ملک کو بری طرح سے لوٹا ہے تاہم جماعت اسلامی قوم کو ان لٹیروں سے بچائے گی۔