پاکستان کسی مخصوص بلاک کا حصہ نہیں،ترجمان دفتر خارجہ


اسلام آباد(صباح نیوز) ترجمان دفتر خارجہ عاصم افتخار نے کہا ہے کہ پاکستان کسی مخصوص بلاک کا حصہ نہیں، وزیر اعظم کا کسی ایک بلاک کا حصہ نہ بننا پاکستان کی پالیسی ہے۔ ہفتہ وار بریفنگ میں ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کسی مخصوص بلاک کا حصہ نہیں، پاکستان ہر ایک کے ساتھ اچھے تعلقات کا خواہاں ہے، اقوام متحدہ کی ماحول سے متعلق گلاسگو کانفرنس میں عدم شرکت پر جو بیانات آئے ان میں کوئی حقیقت نہیں، امریکا کے ساتھ ہم مستقل رابطے میں ہیں، اور اعلی سطح امریکی کمیٹیوں کے ارکان پاکستان کا دورہ کریں گے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ طلبہ کے معاملے پر چین کے ساتھ مکمل رابطے میں ہیں، امید ہے جلد چین اس مسئلے کو حل کر لے گا، پاکستان چین امریکا کے مابین اچھے تعلقات چاہتا ہے، چین میں سرمائی اولمپکس کے انعقاد کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہیں۔انھوں نے کہا پاکستان اولمپکس میں شرکت کرے گا، کھیلوں کے ایونٹس کو سیاست کی نظر نہیں ہونا چاہیے، چینی اولمپکس کی مخالفت اچھا اقدام نہیں، تمام ممالک کو سرمائی اولمپکس میں بھرپور شرکت کرنی چاہیے۔

ترجمان نے کہاکہ پاکستان 19 دسمبر کو افغانستان پر او آئی سی اجلاس کی میزبانی کرے گا، امید ہے اجلاس سے افغانستان کی انسانی امداد کے اقدامات کیے جائیں گے۔

اجلاس کیلئے تمام انتظامات کو حتمی شکل دے دی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ رکن ملکوں، مبصر ریاستوں اور پی فائیوملکوں کو اس غیرمعمولی اجلاس میں شرکت کی دعوت کا ہمیں مثبت موصول ہو رہا ہے۔

عاصم افتخارنے کہا کہ اس اجلاس میں افغانستان میں سنگین انسانی صورتحال پر توجہ مرکوز کی جائیگی۔غیرقانونی طور پر بھارت کے زیرقبضہ کشمیر میں کشمیریوں کی حالت زار کا ذکر کرتے ہوئے ترجمان نے اقوام متحدہ سمیت بین الاقوامی برادری پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر کی سنگین صورتحال کا نوٹس لیں۔ترجمان دفتر خارجہ نے پریانتھا کمارا کی موت پر سری لنکا سے اظہار تعزیت بھی کیا