اسلام آباد(صباح نیوز)نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے پیر کو یہاں ایکنک کے اجلاس کی صدارت کی۔ نائب وزیر اعظم کے آفس سے جاری بیان کے مطابق اجلاس میں وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال، وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب، صوبائی وزرا اور وفاقی سیکرٹریز نے شرکت کی۔ کمیٹی نے تقریبا 217 ارب روپے کی لاگت کے سات ترقیاتی منصوبوں پر غور کیا اور ان کی منظوری دی۔
کمیٹی نے سندھ ایمرجنسی فیلڈ بحالی پراجیکٹ کے آبپاشی جزو کے دائرہ کار میں اضافے کی منظوری دی۔ اجلاس نے سندھ اور خیر پختونخوا کے صوبوں میں آنے والے کاریک کوریڈور روڈ انفراسٹرکچر پراجیکٹ پر نظرثانی کی بھی منظوری دی۔ کمیٹی نے 25.4 ارب روپے کی لاگت سے کراچی واٹر سپلائی اینڈ سیوریج امپروومنٹ پراجیکٹ کے نظرثانی شدہ منصوبہ اور پنجاب کے سکولوں میں حاضری اور سیکھنے کے نتائج کو بہتر بنانے کے مقصد سے ورلڈ بینک کے فنڈڈ پراجیکٹ گریڈز کی بھی منظوری دی۔