اسلام آباد (صباح نیوز) جمعیت علمائے اسلام پاکستان کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے وزیراعظم شہباز شریف سے رابطہ کرکے پرائیویٹ عازمین حج کے مسائل حل کرنے کا مطالبہ کیا جبکہ وزیراعظم نے فوری اقدامات کا حکم دے دیا۔، اس دوران ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال پر گفتگو ہوئی۔ ترجمان جے یو آئی کے مطابق مولانا فضل الرحمان نے وزیراعظم کو پرائیویٹ حجاج کے مسائل سے آگاہ کیا۔
ترجمان کے مطابق مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ پرائیویٹ سیکٹر کے حجاج کرام کیلئے حج ادائیگی کو یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم نے مولانا فضل الرحمان کو ہر قسم کے تعاون کی یقین دہانی کروائی ہے اور وزیراعظم نے فوری طور پر وزارت خارجہ کو حجاج کرام کیلئے فوری اقدامات اٹھانے کا حکم دیا۔
ترجمان جے یو آئی کا کہنا تھا کہ حج گروپ آرگنائزر کے نمائندہ وفد کی مولانا فضل الرحمان سے ملاقات ہوئی تھی، وفد نے مولانا فضل الرحمان کو اپنے مسائل آگاہ کیا تھا۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان نے پہلے بھی حجاج کرام کے مسائل کے حل کیے ہیں۔