پشاور،سربند پولیس اسٹیشن پر دہشتگردوں کا حملہ، ڈی ایس پی دو اہلکاروں سمیت شہید، وزیراعظم کا اظہار مذمت

پشاور/ اسلام آباد(صباح نیوز)سربند پولیس اسٹیشن پر دہشت گرد حملے میں ڈی ایس پی اور دو پولیس اہلکار شہید ہوگئے۔

وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے پشاور میں تھانہ سربند پر دہشت گرد حملے کی شدید مزمت کرتے ہوئے کہا کہ  پاکستانیوں کے حوصلے پست کرنے کیلئے دہشت گردوں کی مزموم سازشیں کبھی کامیاب نہیں ہو سکتیں،  پوری قوم قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر دہشت گردی کے اس ناسور کا جلد جڑ سے خاتمہ کرنے کیلئے پر عزم ہے۔

خیبرپختون خوا میں دہشتگردوں نے ایک بار پھر رات کی تاریکی میں اپنی بزدلانہ کارروائی کے دوران پولیس اسٹیشن پر حملہ کرکے ڈی ایس پی سمیت 3 اہلکاروں کو شہید کردیا۔ پولیس حکام کے مطابق دہشت گردوں کی جانب پولیس اسٹیشن سربند پر دستی بموں اور جدید اسلحے سمیت پشاور میں پہلی بار اسنائپر ہتھیاروں کا استعمال کیا۔

حکام نے بتایاکہ ڈی ایس پی سردار حسین اپنے محافظوں کے ہمراہ تھانہ سربند پہنچے تو پہلے سے دھاک لگائے دہشت گردوں نے ان پر حملہ کردیا، اور انہیں نائٹ وژن گنز سے نشانہ بنایا گیا۔ جب کہ پولیس اسٹیشن پر دستی بموں سے حملہ کیا گیا۔

پولیس حکام نے بتایا کہ اس سے پہلے کے زخمی ہونے والے ڈی ایس پی اور دیگر اہلکاروں کو ریسکیو کیا جاتا، دہشت گردوں نے اسنائپر گنز کے ذریعے سنتری پوسٹوں اور دیگر اہلکاروں پر بھی حملہ کردیا۔حکام کے مطابق حملے کی اطلاع ملتے ہی دیگر تھانوں کی نفری اور ایف سی اہلکار جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اور زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا، تاہم زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ڈی ایس پی سردار حسین اور دو اہلکار شہید ہو گئے۔

شہید اہلکاروں کی نمازجنازہ پولیس لائن پشاورمیں ادا کردی گئی، جنازے میں میں صوبائی وزیر شوکت یوسف زئی ، گورنر خیبرپختونخوا ، آئی جی ایف سی، آئی جی خیبرپختونخوا سمیت اعلی حکام نے شرکت کی۔ دوسری جانب وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے پشاور میں تھانہ سربند پر دہشت گرد حملے کی شدید مزمت کرتے ہوئے  واقعے میں ایک ڈی ایس پی اور دو پولیس اہلکاروں کی شہادت پر گہرے دکھ اور غم کا اظہار کیا ہے۔

وزیراعظم کا کہنا تھا کہ مجھ سمیت پوری قوم کی ہمدردیاں شہدا کے اہلِ خانہ کے ساتھ ہیں،دہشت گردی کے خلاف پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیاں نا قابلِ فراموش ہیں۔ وزیرِ اعظم  نے مزید کہا کہ پاکستانیوں کے حوصلے پست کرنے کیلئے دہشت گردوں کی مزموم سازشیں کبھی کامیاب نہیں ہو سکتیں،  پوری قوم قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر دہشت گردی کے اس ناسور کا جلد جڑ سے خاتمہ کرنے کیلئے پر عزم ہے۔