مصنوعی مہنگائی کو کنٹرول کرنے کیلئے عوام جماعت اسلامی کا ساتھ دیں، پروفیسر محمد ابراہیم خان

بنوں(صباح نیوز)جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے امیر پروفیسر محمد ابراہیم خان نے کہا ہے کہ ملک پر چور مسلط ہیں موجودہ حکمران عیش و عشرت کی زندگی گزار رہے ہیں اور عوام غربت اور مہنگائی کی چکی میں پِس رہے ہیں ملک میں مہنگائی میں کمی کی بجائے روز بروز اضافہ ہوتا جارہا ہے مصنوعی مہنگائی کو کنٹرول کرنے کیلئے عوام جماعت اسلامی کا ساتھ دیں.

ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی ضلع بنوں کے زیر اہتمام کمر توڑ مہنگائی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مہنگائی کے خلاف احتجاجی مظاہرہ جماعت اسلامی کے ضلعی دفتر منڈان گیٹ سے نکالا گیا جو مختلف راستوں سے ہوتا ہوا بنوں چوک بازار پہنچا جہاں پر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے امیر پروفیسر محمد ابراہیم خان,جماعت اسلامی کے ضلعی امیر محمد اجمل خان, جنرل سیکرٹری ندیم انصاری, نائب امیر مفتی صفت اللہ ,عزیز الرحمن قریشی, ڈاکٹر ناصر خان, نائب صدر جے آئی یوتھ خیبر پختونخوا ڈاکٹر عبدالروف قریشی و دیگر نے خطاب کیا۔

اس موقع پر نائب امیر الحاج یوسف خان میتاخیل,مطیع اللہ جان,الخدمت فاونڈیشن کے ضلعی صدر محمد جلال شاہ ایڈوکیٹ,صدر جے آئی یوتھ ظہور خان,چیئرمین احسان خان و دیگر بھی موجود تھے جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے امیر پروفیسر محمد ابراہیم خان نے کہا کہ غریب عوام کمر توڑ مہنگائی کی وجہ سے دو وقت کی روٹی کیلئے پریشان ہیں مہنگائی اتنی زیادہ ہوگئی ہے کہ غریب عوام فاقوں پر مجبور ہوگئے ہیں پی ٹی آئی اور پی ڈی ایم دونوں حکومتیں غریب عوام سے مہنگائی کی شکل میں انتقام لے رہی ہیں جماعت اسلامی کے سوا کوئی بھی غریب عوام کی خیرخوا نہیں

انہوں نے کہا کہ پنجاب اسمبلی تحلیل ہوگئی ہے اب خیبر پختونخوا اسمبلی کی باری آگئی ہے آج سے عہد کریں کہ دوبارہ ان لوٹوں اور کرپٹ مافیا کو ووٹ نہیں دیں گے انہوں نے کہاکہ حکمران کرسی کی جنگ میں مصروف ہیں انہیں عوام کی کوئی فکر نہیں۔ غریب عوام کو مزید مہنگائی کی فضا میں دھکیلنے کی کوشش کی جارہی ہے لیکن اب عوام باشعور ہوچکے ہیں آئندہ سوچ سمجھ کے ساتھ امیدوار کا انتخاب کریں گے۔