وزیراعظم شہبازشریف کی اماراتی ہم منصب شیخ محمد بن راشد المکتوم سے ملاقات،تمام شعبوں میں تعلقات مزید مضبوط بنانے پر زور

 دبئی(صباح نیوز)وزیراعظم  شہبازشریف اوراماراتی نائب صدرووزیراعظم  شیخ محمد بن راشد المکتوم کی ملاقات ہوئی جس میں تمام شعبوں میں تعلقات مزید مضبوط بنانے پر زور دیا گیا۔

وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم محمد شہبازشریف نے جمعرات کے روز متحدہ عرب امارات کے نائب صدر اور وزیراعظم اور دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد المکتوم سے ملاقات کی۔ شیخ محمد بن راشد نے وزیراعظم کا دبئی میں خیرمقدم کیا اور ان کی قیادت میں پاکستان کی  ترقی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

وزیراعظم نے ان کا اور ان کے وفد کا پرتپاک استقبال کرنے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے پاکستان اور متحدہ عرب امارات تعلقات کی اہمیت پر زور دیا اور کہا کہ پاکستان متحدہ عرب امارات کو ایک قابل اعتماد سیاسی اور اقتصادی شراکت دار کے طور پر دیکھتا ہے۔ انہوں نے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے تعلقات کو تمام شعبوں میں مزید گہرا کرنے کے لیے مزید مواقع تلاش کرنے پر بھی زور دیا۔

دونوں رہنماؤں نے دونوں ممالک کو فائدہ پہنچانے کے لیے موجودہ دوطرفہ تعلقات کو ہر سطح پر بڑھانے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے تجارت اور سرمایہ کاری کے مواقع پر تبادلہ خیال کرنے اور انہیں ٹھوس شراکت داری میں تبدیل کرنے کے لیے دونوں ممالک کے نجی شعبے کے درمیان رابطے کو تیز اور مضبوط بنانے کی اہمیت پر زور دیا۔

 شیخ محمد نے پاکستانی کمیونٹی کی لگن اور محنت کی تعریف کی جس نے متحدہ عرب امارات کی ترقی میں نمایاں کردار ادا کیا۔ وزیر اعظم محمد شہباز شریف نے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان تاریخی تعلقات کو سراہا اور دوطرفہ تعاون کو مزید بڑھانے کے لیے متحدہ عرب امارات کی قیادت کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لیے اپنی حکومت کے عزم کا اعادہ کیا۔ وزیر اعظم نے اماراتی نائب صدر کو باہمی طور پر مناسب تاریخوں پر دورہ پاکستان کی دعوت دی جسے انہوں نے قبول کر لیا۔