وزیر اعظم سے لاپتہ صحافی مدثر نارو کے اہل خانہ کی ملاقات


اسلام آباد(صباح نیوز) وزیر اعظم نے لاپتہ صحافی اور بلاگر مدثر نارو کے اہل خانہ کو مدثر کی بازیابی کی یقین دہانی کرا دی۔

میڈیارپورٹس کے مطابق وزیر اعظم عمران خان  سے لاپتہ صحافی و بلاگر مدثر نارو کے والدین اور ان کے بیٹے نے وزیر اعظم ہاوس میں ملاقات کی۔وزارت داخلہ کے اہل کار بھی مدثر نارو کی فیملی کے ہمراہ وزیر اعظم ہاوس پہنچے تھے،

اسلام آباد ہائی کورٹ نے وزیر اعظم کو مدثر نارو کے اہل خانہ سے ملنے کی ہدایت کی تھی۔ملاقات میں وزیر اعظم عمران خان نے مدثر نارو کے والدین کو بازیابی کے لیے ہر ممکن اقدامات کی یقین دہانی کرائی، اور کہا کہ ہم نے جبری گمشدگیوں کی روک تھام کے لیے باقاعدہ قانون سازی کی ہے۔

اس ملاقات میں وزیر انسانی حقوق شیریں مزاری بھی موجود تھیں، انھوں نے بتایا کہ وزیر اعظم نے مدثر نارو کے اہل خانہ کی بات تفصیل سے سنی، جس کے بعد انھوں نے وزیر اعظم آفس اور سیکریٹری داخلہ کو ہدایات جاری کر دیں۔

ڈاکٹر شیریں مزاری کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم کی یقین دہانی پر مدثر نارو کے اہل خانہ مطمئن تھے، وزیر اعظم نے مدثر نارو کے بچے کی دیکھ بھال کی بھی یقین دہانی کرائی،یاد رہے کہ اپنی اہلیہ صدف اور اس وقت 6 ماہ کے بیٹے سچل کے ہمراہ ملک کے شمالی علاقوں میں گھومنے کی غرض سے گئے مدثر نارو اگست 2018 میں لاپتا ہو گئے تھے، اور اس کے بعد سے ان کی موجودگی کے بارے میں کوئی اطلاع نہیں ملی ہے۔

عدالت میں جمع کروائی گئی پٹیشن کے مطابق 2018 کے انتخابات کے چند روز بعد مدثر کو فون پر کہا گیا تھا کہ وہ انتخابات میں ہونے والی مبینہ بدعنوانی کے بارے میں سوشل میڈیا پر تبصرہ کرنے سے گریز کریں۔ گمشدگی سے چند ماہ قبل ان کی نوکری بھی اچانک ختم کر دی گئی تھی۔ رواں سال مئی میں ان کی اہلیہ صدف کا بھی انتقال ہوا۔