بجلی فی یونٹ4روپے 74پیسے مہنگی


اسلام آباد(صباح نیوز)حکومت نے بجلی کے نرخوں میں فی یونٹ مزید4روپے 74 پیسے    اضافہ کردیا ہے۔ نیپرا کے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق بجلی فی یونٹ 4 روپے 74 پیسے مہنگی کردی گئی ہے۔

بجلی صارفین پر 60 ارب روپے سے زائد کا اضافی بوجھ پڑے گا ،کے الیکٹرک اور لائف لائن صارفین پر اطلاق نہیں ہو گا،بجلی اکتوبر کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کے تحت مہنگی کی گئی ہے ۔ صارفین سے اضافہ دسمبر کے بجلی بلوں میں وصول کیا جائے گا۔

فیصلے کا اطلاق لائف لائن صارفین پر نہیں ہوگا۔ فیصلے کا اطلاق کے الیکٹرک صارفین پر بھی نہیں ہوگا۔دوسری جانب وزارت توانائی نے کہا کہ22نومبر کو بجلی کی قیمت میں ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کے سے متعلق میڈیا خبروں کی وضاحت کی تھی، نیپرا میں موجودہ درخواست صرف ایک مہینے کے دوران استعمال شدہ فیول کی مد میں تھی، جس پر  جمعرات کو نیپرا نے باقاعدہ سنوائی کے بعد فیصلہ دیا ہے۔وزارت توانائی کا مزید کہنا تھا کہ آج کے فیصلے کا بجلی کی قیمت پر کوئی مستقل اثر نہیں پڑے گا، نیپرا ہر مہینے فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کی عوامی سماعت کرتا ہے، نیپرا بجلی کی قیمت میں مخصوص مدت کیلئے فیول کی قیمت کا تعین کرتا ہے جوکہ مثبت یا منفی ہو سکتی ہے۔

توانائی کی وزارت کی جانب سے کہا گیا کہ عالمی منڈی میں تیل اور دوسرے ایندھن کی قیمتوں کا ماہانہ فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ پر براہ راست اثر پڑتا ہے، آج کے نیپرا کے ماہانہ فیول ایڈجسٹمنٹ کے فیصلے کی بنیاد بھی عالمی مارکیٹ میں اکتوبر کے مہینے میں ایندھن کی قیمتوں میں اضافہ ہے