ٹانک (صباح نیوز)خیبرپختونخوا کے ضلع ٹانک میں تجوڑی کے قریب نامعلوم افراد نے کار پر فائرنگ کردی، واقعے میں ایک وکیل جاں بحق ہوگیا، گن مین اور دوسرا وکیل زخمی ہے۔ٹانک کے تھانہ گل امام کی حدود میں نامعلوم افراد نے وکلا کی کار پر فائرنگ کردی، واقعے میں ایڈووکیٹ دلنواز کنڈی موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جبکہ دوسرا وکیل مصطفی کنڈی اور گن مین زخمی ہوگئے۔
پولیس کے مطابق واقعے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں اور پولیس جائے وقوعہ پر روانہ ہوگئی، جاں بحق وکیل کی لاش اور زخمیوں کو مقامی اسپتال منتقل کردیا گیا۔پولیس نے شواہد اکٹھے کرتے ہوئے واقعے کی تحقیقات کا آغاز کردیا۔گزشتہ چند ماہ سے خیبرپختونخوا میں دہشت گردی کے واقعات میں اضافہ ہوگیا، جس میں سیکیورٹی فورسز کے اہلکاروں اور معروف شخصیات کو نشانہ بنایا جارہا ہے،پولیس حکام کا کہنا ہے کہ وکلا ضلع کچہری سے چھٹی کر کے اپنے گاوں اماخیل جا رہے تھے ۔