سندھ میں یومیہ ایک ہزار لوگ ملیریا کا شکار ہونے لگے

کراچی(صباح نیوز)سندھ بھر میں ملیریا کے کیسز میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے، صوبے میں یومیہ ایک ہزار لوگ ملیریا کا شکار ہونے لگے۔محکمہ صحت سندھ کے مطابق جنوری کے 10 روز میں ملیریا کے 10 ہزار سے زائد کیسز سامنے آئے ہیں۔

محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ 10 روز میں 50 ہزار 46 افراد کی اسکریننگ کی گئی، جن میں سے 10 ہزار 31 افراد میں ملیریا کے وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔سب سے زیادہ 2920 کیسز عمرکوٹ میں رپورٹ ہوئے جبکہ سب سے کم ایک کیس کراچی کے ضلع غربی میں رپورٹ ہوا۔

محکمہ صحت نے کہا کہ کراچی میں مجموعی طور پر 38 افراد ملیریا کا شکار ہوئے، متاثرہ افراد میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔محکمہ صحت کا یہ بھی کہنا ہے کہ گزشتہ سال ملیریا سے 4 لاکھ افراد متاثر اور 24 افراد انتقال کر گئے تھے۔